اہم ترین خبریںپاکستان

دشمن محرم الحرام کو خون آلود کرنا چاہتے ہیں، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

فرقہ وارانہ مواد سوشل میڈیا پر عام کیا جا رہا ہے

شیعیت نیوز : چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اسلام آباد میں منعقدہ علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے آلہ کارکچھ شرپسند عناصر محرم الحرام کو خون آلود کرنا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اسلام آباد میں منعقدہ علماء کنونشن سے خطاب میں کہا کہ امن و امان کو خراب کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جانی چاہیئے۔ محرم کو بعض عناصر خون آلود کرنا چاہتے ہیں، فرقہ وارانہ اور مسالک میں اختلافات پر مبنی مواد سوشل میڈیا پر عام کیا جا رہا ہے، یہ موضاعات علماء اور ماہرین کے لئے ہوتے ہیں، گلی محلوں میں اس کو موضوع بحث نہیں بنانا چاہیئے، اختلافات ختم نہیں ہوسکتے، تاہم ان کو کم کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں ایام عزا کیلیئے ضابطہ اخلاق جاری، علماء و ذاکرین کیلیے ویکسینیشن لازمی قرار

ان کا مزید کہنا تھا کہ توہین آمیز مواد کی مانیٹرنگ اور روک تھام کیلئے وزارتوں کی سطح پر کمیٹیاں بنا دی ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے اپنے ایک حالیہ فیصلے 9 جون 2021ء میں مذہبی منافرت اور گمراہانہ کوششوں پر مبنی مواد کی روک تھام و بین المسالک/بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ یہ کنونشن اس فیصلہ کی تحسین کرتے ہوئے امید کرتا ہے کہ متعلقہ حکومتی ادارے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ کسی ایسے مصنف اور واعظ کی حوصلہ افزائی نہیں کی جائیگی، جو فرقہ واریت پھیلانے میں ملوث ہو۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو فرقہ واریت پھیلانے کے لیے استعمال کرنے والے عناصر کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے بلا تفریق مسلک و مذہب قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر ایسی شخصیات کو سامنے لانے کا اہتمام کیا جائے، جو اتحادِ امت کی داعی ہوں، ان کوششوں کیلئے بلا خوف و خطر واشگاف موقف اختیار کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button