مجالس و جلوس کی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں گے، کورونا ایس او پیز پرعمل کرنا ہوگا، کمشنر کوئٹہ
شیعیت نیوز : کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفند یار خان نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اجلاسوں کا انعقاد جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں مجالس، جلوسوں و دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس کے علاوہ اسپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کے ملازمین خفیہ نگرانی کے لئے متعین کئے جائیں گے۔ سکیورٹی پلان کے تحت تھانوں کی سطح پر علاقے میں کرایہ کے مکانوں، ہوٹلوں اور شہر کے خارجی اور داخلی راستوں پر چیکنگ اور سکیورٹی کا نظام پہلے ہی سے موثر طور پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پولیس کنٹرول روم قائم ہوگا اور عاشورہ کے جلوس کے موقع پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے براہ راست کنٹرول روم کے ذریعے مانیٹرنگ اور عملی اقدامات بھی کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں لاہور میں ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام عزاداری کانفرنس، عزاداری سیل کا قیام
انہوں نے کہا کہ ماضی کے واقعات کے پیش نظر سکیورٹی سخت ہونے کے ساتھ دیگر اہم اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ جس میں اچانک چیکنگ، مشکوک رہائش گاہوں کی سرچنگ، بند دکانوں اور مکانوں کی چیکنگ کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر کرایہ داری ایکٹ کے تحت کرائے کے مکانوں میں رہائش پذیر افراد کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف مہم جاری ہے۔ کالے شیشوں اور مشکوک رکشہ کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مشتبہ اشخاص اور مشتبہ گاڑیوں کی خصوصی چیکنگ کی جائے گی، نیز ڈبل سواری پر دفعہ 144 کے تحت پابندی کے بعد موٹر سائیکل کے لئے خواتین، بچے، بزرگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنٰی ہونگے۔ کوئٹہ شہر میں بھیک مانگنے والے افراد، خوانچہ فروش ریڑھی والوں کو بھی جلوس کے روٹ، امامبارگاہوں، مقامات مجالس کے قریب جانے کی قطعاً اجازت نہیں ہوگی۔
کمشنر کوئٹہ نے اپیل کی کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے موجود ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ کرونا ویکسینیشن قریب ترین سینٹرز میں سہولت موجود ہے۔







