دنیا

بحرہند میں اسرائیلی بحری جہاز پر پُراسرار انداز میں حملہ

شیعیت نیوز: اسرائیل کے ملکیتی ایک بحری جہاز پر ہفتے کے روز بحرہند میں پُراسرار انداز میں حملہ کیا گیا ہے۔ اسرائیل کے دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ اس جہاز پر ایرانی فورسز کے مبیّنہ حملے کی اطلاعات کی چھان بین شروع کردی گئی ہے۔

اسرائیل کے این 12 ٹیلی ویژن نیوز کی رپورٹ کے مطابق بحری جہاز سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ سے متحدہ عرب امارات کی جانب جارہا تھا۔ حملے میں اس جہاز کے عملہ کو کوئی نقصان پہنچا ہے اورنہ جہاز کوئی زیادہ متاثرنہیں ہے۔

قبل ازیں لبنان کے ایران نواز ٹی وی چینل المیادین نے اطلاع دی تھی کہ اسرائیلی جہاز بحرہند میں کسی نامعلوم ہتھیار سے ٹکرا گیا تھا اور اس کے بعد اس میں آگ لگ گئی تھی۔

اس چینل نے مزید کہا کہ فوری طور پر کسی نے بھی اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔تاہم اس یہ بات قابل ذکرہے کہ یہ واقعہ تہران کے مغرب میں اسرائیلی حملے کی اطلاعات کے ایک روز بعد پیش آیا ہے۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے دفاعی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ بحرہند میں اسرائیلی بحری جہاز کو حملے میں نقصان پہنچا ہے۔یہ جہاز اسرائیل کی جہازراں کمپنی دیوایال اوفر کی ملکیت ہے۔

اسرائیلی ٹیلی ویژن نیٹ ورک نے اس جہاز کی شناخت ’’ٹنڈل‘‘کے نام سے کی ہے اوراس پر افریقی ملک لائبیریا کا پرچم لہرا رہا ہے۔جہاز کے عملہ میں کوئی اسرائیلی شامل نہیں۔اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ حملے کے نتیجے میں جہاز کو کوئی خاص نقصان نہیں پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سیکڑوں فلسطینیوں کا صدر محمود عباس کی برطرفی کا مطالبہ

دوسری جانب مقبوضہ فلسطین کے عوام نے غاصب صیہونی حکومت کے صدر اسحاق ھرتزوگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

صیہونی ذرائع کے مطابق بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ایک گروہ کے حامیوں نے تل ابیب میں اسحاق ہرتزوگ کے مکان کے سامنے اکٹھا ہو کر ان کی کارکردگی پر احتجاج کیا اور ان کے خلاف نعرے لگائے۔

مظاہرین سابق وزیر اعظم نیتن یاہو کے ترجمان ناؤر ایھایا کو صدر کا ترجمان بنا دئے جانے پر اعتراض کر رہے تھے۔’’جرمِ وزیر‘‘ کے نام سے موسوم گروہ نے اعلان کیا ہے کہ جب تک صیہونی صدر، نیتن یاہو کے حامی ناؤر ایہایا کو اپنے ترجمان کے عہدے سے برخاست نہیں کر دیتے، وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

خیال رہے کہ صیہونیوں کی لیبر پارٹی کے سابق سربراہ اسحاق ہرتزوگ اسرائیلی پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرتے ہوئے خودساختہ صیہونی حکومت کے صدر منتخب ہوئے ہیں اور انہوں نے نیتن یاہو کے ترجمان کو اپنا ترجمان مقرر کر دیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button