اہم ترین خبریںایران

آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی ملت ایران کے نو منتخب صدر

شیعیت نیوز: آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کو ملت ایران کے نو منتخب صدر ہونے پر صدارتی امیدواروں نے مبارکباد پیش کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق صدارتی امیدواروں محسن رضائی ، ناصرہمتی اور قاضی زادہ ہاشمی نے آيت اللہ سید ابراہیم رئيسی کو ملت ایران کا منتخب صدر تسلیم کرتے ہوئے انہيں مبارکباد پیش کی ہے۔

دوسری جانب صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے بھی نئے صدر کا نام لئے بغیر مبارکباد پیش کی ہے، اب سے ذرا دیر پہلے اپنے ایک خطاب میں صدر حسن روحانی نے کہا کہ ان کی کامیابی پر باضابطہ طور سے مبارکباد کا پیغام بعد میں جاری کروں گا۔

مجلس شورای اسلامی کے اسپیکر محمد قالیباف نے بھی آيت اللہ سید ابراہیم رئیسی کو صدر منتخب ہوجانے پر اپنی اور اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے مبارکباد پیش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی شام پر غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے سرحدی چوکی پر حملہ

صدارتی امیدوار محسن رضائی نے آيت اللہ ابراہیم رئیسی کی کامیابی پر ان تہنیتی پیغام جاری کیا ہے۔

محسن رضائی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ انتخابات 2021 میں عالمی مبصرین اور بین الاقوامی تجزیہ کاروں کی نگرانی و نظارت میں بھرپور شرکت نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ایران کی سرافراز قوم اسلامی نظام کی پاسداری، اس کے استحکام اور سلامتی کے لئے کسی بھی کوشش کو فروگذاشت نہیں کرتی اور بلاشک اس عظیم اور کڑے امتحان ميں ہماری قوم نے اپنی مجاہدت کی تاریخ میں ایک اور زریں باب کا اضافہ کر دیا ہے۔

صدارتی امیدوار محسن رضائی نے اپنے اس تہنتی پیغام میں رہبر انقلاب اسلامی، ایران کی غیور قوم اور ملت ایران کے منتخب صدر آيت اللہ رئیسی کو مبارکباد پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ صدارتی انتخابات سے تین امیدوار دستبردار ہوگئے تھے جن میں مہر علی زادہ، علی رضا زاکانی اور سعید جلیلی شامل ہیں ۔ تین امیدواروں کے صدارتی انتخابات سے دستبردار ہوجانے کے بعد اب چار امیدوار سید ابراہیم رئيسی ، محسن رضائی ، قاضی زادہ ہاشمی اور عبدالناصر ہمتی میدان میں موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button