سعودی عرب کی ملک خالد ایئربیس پر یمن کا ایک اور کامیاب ڈرون حملہ

شیعیت نیوز: یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فورسز کی جانب سے جارح سعودی عرب کی ملک خالد ایئربیس پر ڈرون طیاروں کی مدد سے کامیاب جوابی کارروائی کی گئی ہے۔
عرب ای مجلے المسیرۃ کے مطابق خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو میں جنرل یحیی سریع نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کی مدد سے یمنی ایرواسپیس فورس نے آج صبح خمیس مشیط میں واقع جارح سعودی شاہی حکومت کے ہوائی اڈے کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ اس کارروائی میں ملک میں تیار کئے گئے قاصف-2k ڈرون طیارے استعمال ہوئے ہیں جن کی مدد سے تمام مطلوبہ اہداف انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا ہے۔
جنرل یحیی سریع نے اپنی گفتگو کے آخر میں تاکید کی کہ یہ جوابی حملہ یمن کے خلاف انجام پانے والی وسیع جارحیت اور اس کے سخت ترین سرحدی محاصرے کا جواب ہے۔
واضح رہے کہ یمنی فورسز کی جانب سے گذشتہ روز بھی جارح سعودی عرب کی ملک خالد ایئربیس پر قاصف-2k ڈرون طیاروں کے ساتھ کامیاب حملہ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : تل ابیب میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کا افتتاح
دوسری جانب سعودی عرب کے صوبہ جیزان کے علاقے الخوبہ – الوادی جارہ نامی علاقے میں یمنی فوج اور رضاکار فورس کے وسیع حملے جاری ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ تین طرف سے کیا گیا تھا اور یمنی فوج نے اس کارروائی کے دوران زبردست پیشرفت کی ہے اور اس علاقے پر مکمل قبضہ کر لیا ہے اور دشمن کی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
یمن میں ایک فوجی ذرائع نے بتایا کہ صوبہ جیزان کے علاقے الخوبہ- الوادی جارہ علاقے میں مرکزی شاہراہ سے کارروائی کی گئی اور اس کارروائی کے دوران سعودی فوج کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
یمنی فوج کے اس ذریعے کا کہنا ہے کہ اہداف کے تحت سعودی – سوڈانی فوج کے مشترکہ کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔ یمنی فوج نے گھات لگاکر کارروائی کی جس کے دوران سعودی فوج کے متعدد کمانڈر اور جرنیل ہلاک اور زخمی ہوئے۔
یمن کے میڈیا سنٹر نے اطلاع دی ہے کہ سعودی عرب کے اندر جیزان کا ڈیڑھ سو مربع کلومیٹر کا علاقہ اس آپریشن کے دوران آزاد ہوا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ یمنی فوج نے درست اطلاعات کے بعد یہ آپریشن کیا ، اس دوران دشمن کی فوج کو بھاری نقصان پہنچا۔