اگر امت مسلمہ جنت البقیع اور جنت المعلی کی مسماری کا راستہ روک لیتی تو کسی کو بیت المقدس کو آگ لگانے کی جرات نہ ہوتی، ٹی این ایف جے
شیعیت نیوز: سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغا سید حامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر تحریک نفاذفقہ جعفریہ ریجنل کونسل ملتان کی جانب سے پریس کلب سے پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ٹی این ایف جے کے رہنما علامہ سید زاہد عباس کاظمی، صوبائی نائب صدر علامہ سید باقرعلی نقوی، مولانا مجاہد حسین نقوی، سید قمر حسنین نقوی، سیدمحتشم عباس نقوی، راقب حسنین راقب، سیدسعادت کاظمی، سیدین نقوی، حشمت رضا بہلول، سید علمدار حسین نقوی سالار حولی مرید شاہ، سید اظہر عابدی، سید ہاشم رضوی اور دیگر رہنما کررہے تھے۔
مظاہرین نے آغا سید حامدعلی شاہ موسوی کی تصاویر، مختلف بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر جنت البقیع کی ازسرنوتعمیر کیلئے مطالبات درج تھے۔ اس موقع پر علمائے کرام نے زنجیرزنی، ماتمداری، سینہ کوبی کرکے بارگاہ رسالت وامامت میں پرسہ پیش کیا۔
ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید زاہد عباس کاظمی نے کہا کہ اگر امت مسلمہ جنت البقیع اور جنت المعلی کی مسماری کا راستہ روک لیتی تو کسی کو بیت المقدس کو آگ لگانے کی جرات نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ 8 شوال کا احتجاج کسی ذات یا جماعت کیخلاف نہیں بلکہ عظیم اسلامی اور انسانیت کے ورثے کے تحفظ کے لئے ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ جنت البقیع اور جنت المعلی کے مزاراتِ مقدسہ کی ازسر نوتعمیر اور عظمتِ رفتہ کی بحالی کی طرف توجہ دیں کیونکہ اسی میں پوری انسانیت کی اصلاح و فلاح، کامیابی و سرفرازی اور خوش بختی و سعادت کا راز مضمر ہے۔
انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ دینی روابط کو مزید مضبوط بنانے کیلئے سفارتی سطح پر زور دیا جائے کہ حکومتِ سعودی عرب جنت البقیع اور جنت المعلی کے تاریخی آثار و علائم کی تعمیر کرے جو 21مئی1985ء کے جونیجو موسوی معاہدہ میں بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امت مسلمہ عالمی سامراجی قوتوں کی غلام بننے کی بجائے صبر و استقامت کا درس فلسطین سے لے، علامہ مقصود ڈومکی
انہوں نے یو این او کے ادارے یونیسکو (جس کی آثار قدیمہ کا تحفظ کرنا ذمہ داری ہے ) آئی سی سی، یورپی یونین، او آئی سی، عرب لیگ، سارک سے پرزور دردمندانہ اپیل کی کہ وہ اس اہم عالمی، بشری، آئینی ودینی مسئلہ کے حل کی طرف توجہ مبذول کرے۔ انہوں نے کہا کہ دنیائے انسانیت بالخصوص مظلوم اقوام، محرومین، مستضعفین و مظلومین کے حقوق کی بازیابی کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ جنت البقیع، جنت المعلی کی عظمت ِرفتہ کو بحال کرانے کیلئے اپنا کردا ر ادا کریں بصور ت دیگر مصائب الام کیلئے تیار رہیں کیونکہ حکم قرآنی کی رو سے جس نے ذرہ برابر نیکی و برائی کی ہوگی وہ اسے ضرور دیکھے گا۔







