پاکستان مردہ باد اسرائیل و فلسطین زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا
ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں مقررین نے ناجائز ریاست اسرائیل کے بہیمانہ مظالم کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور فلسطینی مسلمان بھائیوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

شیعیت نیوز: غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ہاتھوں نہتے فلسطینی مسلمانوں کے بہیمانہ قتل عام اور قبلہ اول بیت المقدس کی بے حرمتی کے خلاف آج حکومت پاکستان ، شیعہ سنی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر کراچی تا خیبر وطن عزیز کی فضاء مردہ باد اسرائیل و فلسطین زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں ملک بھر کے لاکھوں عوام نے شرکت کرکے اسرایل کے خلاف اپنے جذبات کا بھرپور اظہار کیا اور مقررین نے ناجائز ریاست اسرائیل کے بہیمانہ مظالم کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور فلسطینی مسلمان بھائیوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای کا ۱۲ روزہ مقاومت میں شاندار کامیابی پر ملت فلسطین اور امت مسلمہ کے نام تہنیتی پیغام
پاکستان تحریک انصاف، مجلس وحدت مسلمین ، جماعت اسلامی ، پاکستان سنی تحریک ، جمیعت علمائے پاکستان، شیعہ علماء کونسل و دیگر جماعتوں کی جانب سے ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی اجتماعات میں شیطان بزرگ امریکا اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کیئے۔
اس موقع پر ملک کے تمام عوام نے باہمی اتحاد ویگانگت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام دشمن قوتوں کے خلاف بھرپور نفرت کا اظہار کیا اور ظالم و جابر امریکا اور اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعروں سے وطن عزیز کی فضاء گونج اٹھی۔