صیہونی آباد کار نے مسجد اقصیٰ کے نمازی گاڑی تلے روند ڈالے

شیعیت نیوز: صیہونی آباد کار نے مسجد اقصیٰ کے باہر نماز کے لیے آنے والے فلسطینیوں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں متعدد نمازی زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق کل سوموار کو فلسطینی شہری ظہر کی نماز ادا کرنے کے لیے قبلہ اول آ رہے تھے کہ ایک صیہونی آباد کار نے گاڑی ان پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں متعدد نمازی زخمی ہوگئے۔ صیہونی آباد کار فلسطینی نمازیوں کو زخمی کرنے کے بعد جائے وقوعہ سےفرارہوگیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی پولیس اہلکار کچھ فاصلے پر کھڑی تماشا دیکھتی رہی اور اس نے صیہونی آباد کار کو فلسطینیوں پر گاڑی چڑھانے سے نہیں روکا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں کشیدگی کے بعد قبلہ اوّل میں آنے والے نمازیوں پر نظر رکھنے کے لیے قبلہ اوّل کے اطراف میں نفری بڑھا دی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی چھت اور اطراف کی عمارتوں پربھی اسرائیلی پولیس اور فوج کے اہلکار تعینات ہیں۔
گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے انتظامی دفتر پرچھاپہ مار کر اسے بند کردیا اور مسجد اقصیٰ کے قریب عمارتیں خالی کرالی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ پر وحشیانہ صیہونی بم باری ، 9 بچوں سمیت 20 فلسطینی شہید
دریں اثنا فلسطینی مزاحمتی محاذ کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کو دی گئی مہلت کے ختم ہو جانے پر غزہ کی جانب سے غاصب صیہونی فوجیوں کی جانب دسیوں راکٹ فائر کئے گئے ہیں۔
فلسطینی خبررساں ایجنسی "شہاب” کے مطابق راکٹ فائر ہونے کے بعد غیر قانونی یہودی بستیوں میں خطرے کے الارم بج اٹھے جس کے باعث غاصب صیہونیوں کو زیرزمین پناگاہوں میں جا چھپنا پڑا۔
دوسری طرف صیہونی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کے راکٹ حملوں کے باعث (مقبوضہ فلسطین میں) جاری اسرائیلی کینیسٹ (پارلیمنٹ) کا اجلاس فوری طور پر مؤخر کر دیا گیا۔