دنیا

روسی وزارت خارجہ کا جمہوریہ چیک کو سخت انتباہ

شیعیت نیوز: روس کی وزارت خارجہ نے اٹھارہ سفارت کاروں کے اخراج کے معاملے میں جمہوریہ چیک کو سخت خبردار کیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پراگ حکومت کو معلوم ہے کہ ماسکو اس قسم کے اقدامات کا کس طرح جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ روس جمہوریہ چیک کو ترکی بہ ترکی جواب دے گا۔

ہفتے کی رات روسی ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ جمہوریہ چیک نے اٹھار روسی سفارت کاروں کو جاسوسی کا الزام لگا کر ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمہوریہ چیک کے وزیر خارجہ گاماچیک نے اپنا دورہ ماسکو بھی منسوخ کردیا ہے جو آج سے شروع ہونے والا تھا۔

پچھلے دنوں روس نے پابندیوں اور سفارت کاروں کے اخراج کا جواب دیتے ہوئے دس امریکی اور پانچ پولش سفارت کاروں کو ملک سے باہر نکل جانے کا حکم دیا تھا۔مشرقی یوکرین میں کشیدگی دوبارہ شروع ہونے کے بعد روس اور مغرب کے تعلقات بھی سخت کشیدہ ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل اور یونان کے درمیان دفاعی سمجھوتے پر دستخط

دوسری جانب جاسوسی کے الزام میں یوکرائن کے سفارت کار کو روسی سیکورٹی فورسز نے حراست میں لے لیا۔

انٹر فیکس نیوز ایجنسی کے مطابق ’’ایف ایس بی‘‘ نے سفارت کار ’’اولیک سینڈر سوسونیوک‘‘ کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ ایک مقامی شہری سے روس کے قانون ناٖفذ کرنے والے اداروں کے ڈیٹا بیس میں موجود خفیہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

یوکرائن نے سوسونیوک کی حراست کو سفارتی آداب کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ روسی فیڈریشن میں ایک سفارت کار کے ساتھ اس طرح کا سلوک نا مناسب ہے، کیوں کہ غیر ملکی سفارت کاروں کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق تحفظ حاصل ہے۔

روس ماضی میں بھی یوکرائنی شہریوں کو جاسوسی کے الزام میں حراست میں لیتا رہا ہے تاہم کسی سفارت کار کو حراست میں لینے کا واقعہ شازو نادر ہی پیش آیا ہے۔

یاد رہے کہ سرحد پر روسی افواج کی تعداد میں اضافے اور مشرقی یوکرائن میں فوج اور ماسکو کے حامی علیحیدگی پسندوں کے درمیان تصادم کے بعد سے ماسکو اور کیف کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button