سعودی عرب

سعودی عرب کا جیزان میں یمنی میزائل حملوں کا اعتراف

شیعیت نیوز: سعودی عرب کے اتحادیوں نے جیزان میں یمن کی جانب سے میزائل حملوں کا اعتراف کیا ہے۔ دوسری طرف سعودی عرب نے جدہ ائیرپورٹ عارضی طور پر پروازوں کیلئے بند کر دیا۔

سعودی اتحاد نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ جیزان کی طرف داغے جانے والے بیلسٹک میزائل کو راستے میں روک کر تباہ کردیا گیا۔ اس سے قبل عرب اتحاد نے ایک ڈرون کو راستے میں تباہ کئے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔

العربیہ نیوز چینل نے خبر دی ہے کہ یہ حملہ یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ سے وابستہ جوانوں کی جانب سے کیا گیا تھا جس کا ہدف سعودی اتحاد کے فوجی اہداف کو نشانہ بنانا تھا۔

امریکہ کی نگرانی میں یمن پر جارحیت کا ارتکاب کرنے والے سعودی اتحاد کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ڈرون اور بیلسٹک میزائل کا ہدف سعودی عرب کے جنوب میں واقع جیزان کا علاقہ تھا۔

سعودی اتحاد نے چھے سال قبل یمن کے خلاف ایک بھرپور جنگ شروع کی تھی جس میں اسے اپنے مقاصد میں تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کی فوجی تنصیبات یمنی فورسز کے حملوں کی زد میں

دوسری جانب سعودی عرب نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جدہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ہرقسم کی پروازوں کے لیے بند کردیا ہے۔

ہنگامی صورتحال میں ائیرپورٹ کی بندش سے دنیا بھر سے آنے اور جانے والی سو سے زائد پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے، جبکہ بیشتر پروازوں کو مدینہ منورہ ائیر پورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے نو بجے کے بعد ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا، اس وقت جدہ ائیرپورٹ پر تیار درجن بھر پروازوں کی روانگی روک دی گئی تھی جبکہ مختلف ممالک سے جدہ پہنچنے والی پروازوں کو سعودی عرب کی فضائی حدود میں ہی ہولڈ پر رکھا گیا۔

بیشتر پروازیں فضائی حدود میں ایک گھنٹے سے بھی زائد وقت کے چکر کاٹنے کے بعد مدینۃ المنورہ ائیرپورٹ پر لینڈ کر گئی تھیں جبکہ کچھ پروازوں کو دیگر متبادل ائیرپورٹ پر روکا گیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ آج صبح دس بجے تک پروازوں کا شیڈول معمول پر نہیں آ سکا تھا۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق اس ہنگامی صورتحال کی وجہ سے بیشتر پروازوں کی آمد اور روانگی منسوخ کی گئی ہے۔

سعودی سول ایوی ایشن سے وابستہ ذرائع نے اگرچہ جدہ ائیرپورٹ کی عارضی بندش کی وجہ نہیں بتائی تاہم کہا جاتا ہے کہ یمن محاصرے اور نہتے شہریوں کے خلاف چھے سال سے جاری یک طرفہ جنگ کے بعد اب یمن کی عوامی فورسز نے سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملے اور بیلسٹک میزائل داغنے شروع کردیئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button