ایران

ایران نے سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں قابل فخر ترقی کی ہے، صدر روحانی

شیعیت نیوز: ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ملکی ترقی و پیشرفت اور اس میدان میں خود کفالت کو قابل فخر قرار دیا ہے۔

جمعرات کو ویڈیو لینک کے ذریعے پانچ سائنسی اور ٹیکنالوجی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ یہ بات تمام ایرانیوں کے لیے بے انتہا فخر کا باعث ہے کہ آج ہمارا ملک سائنس و ٹیکنالوجی کے لحاظ سے خود کفیل ہونے کی دہلیز پر پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جن منصوبوں کا افتتاح کیا جارہا ہے وہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ایران کو بہت سے میدانوں میں خودکفیل اور درجنوں اقسام کی اشیا کی درآمدات سے بے نیاز کردیں گے۔

صدر ایران نے کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاریخ کے تمام جلادوں کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر ایرانی عوام کے خلاف غیر معمولی اور بھر پور اقتصادی جنگ شروع کی تھی، جسے ناکام بنادیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عالم اسلام کی سطح پراسلامی ممالک کی یونین کی تشکیل ہوگی، تقریب مذاہب اسلامی

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی باغی اور قانون شکن حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کا بھی خیال نہیں کیا، نہ پابندیوں میں کمی کی اور نہ ہی کووڈ کے مقابلے کے لیے ضروری دواؤں اور میڈیکل آلات کی خریداری میں سہولتیں دی گئیں۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ حتی ایران کو عالمی ادارہ صحت کے توسط سے کواکس کورونا ویکسین کی خریداری کی غرض سے مالی لین دین میں بھی لاتعداد مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ آج امریکی عہدیدار صراحت کے ساتھ اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ ٹرمپ نے غلطی کی تھی اور یہ کہ ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی ناکام ہوگئی ہے۔

صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ آج دنیا بھی اس بات کی معترف ہے کہ ایرانی عوام کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی اپنے اہداف پورے نہیں کرسکی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button