مشرق وسطی

شام کے صوبے حماہ میں دہشت گرد گروہ داعش کی کارروائی

شیعیت نیوز: شام میں دہشت گرد گروہ داعش سے وابستہ باقیات نے صوبے حماہ کے مشرقی علاقے پر حملہ کیا ہے۔

شام کے صوبے حماہ میں دہشت گردوں نے متعدد افراد کو اغوا کرلیا ہے۔ شام میں دہشت گرد گروہ داعش سے وابستہ باقیات نے صوبہ حماہ کے مشرقی علاقے پر حملہ کیا ہے۔

دمشق سے عرب میڈیا کے مطابق داعش سے وابستہ سفاک دہشت گردوں نے مقامی کسانوں اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ بتایا جاتا ہے کہ دہشت گردوں نے 19 افراد کو اغوا کرلیا ہے۔ مغویوں میں 11 کسان اور حفاظت پر مامور 8 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیم نے کہا ہے کہ داعش سے وابستہ دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے 40 افراد لاپتہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کا ایٹمی معاملہ حساس مرحلے میں ہے، چینی ترجمان جاؤ لی جیان

دوسری جانب اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب نے دنیا بھر کے ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ کیمیاوی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے ادارے کو امریکہ اور اس کا آلہ کار نہ بننے دیں۔

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بسام صباغ نے سلامتی کونسل کے آنلائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر کے ملکوں سے اپیل کی ہے کہ کیمیاوی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے ادارے کو شام جیسے رکن ممالک پر دباؤ ڈالنے کے امریکی ہتھکنڈے میں تبدیل نہ ہونے دیں ۔

بسام صباغ نے کہا کہ کیمیاوی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے ادارے کی کانفرنس میں فرانس اور مغربی ممالک کی جانب سے پیش کیے جانے والے مسودہ قرارداد سے ایک بار پھر ثابت ہوگیا ہے کہ شام کے سلسلے میں بعض ممالک کی نیت صاف نہیں ہے اور وہ دمشق کے سلسلے میں دشمنانہ عزائم رکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شام ہر حال میں کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کرتا ہے اور اس نے کبھی بھی اس قسم کے ہتھیاروں کا استعمال نہیں کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ دمشق ، کیمیاوی ہتھیاروں کے عدم پھیلاو ٔکے ادارے کے ساتھ پوری سنجیدگی، صداقت اور شفافیت کے ساتھ تعاون کررہا ہے اوراس تعاون کا نتیجہ کیمیاوی ہتھیاروں کی فیکٹریوں اورگوداموں کا پوری طرح خاتمہ ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ اورمغربی ممالک کے حمایت یافتہ دہشتگرد اور مسلح گروہوں نے شام کے عوام اور فوجیوں کے خلاف بارہا کیمیاوی ہتھیار استعمال کئے ہیں اور اس کے مصدقہ ثبوت بھی دیئے جا چکے ہیں لیکن مغرب اب تک اس کی مذمت میں رکاوٹیں کھڑی کرتا رہا ہے اور اس موضوع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کرنے کی بھی اجازت نہیں دی ہے بلکہ اس کے مقابلے میں غلط اطلاعات اور افواہیں پھیلا کر دمشق پر کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگانے کی کوشش کرتا رہا ہے ۔

امریکہ اور اس کے مغربی و عرب اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے حملوں اور دہشت گردی کے باعث بحرانی حالات کا سامنا رہا ہے اور دہشت گردانہ حملوں میں اب تک اس ملک کے دسیوں ہزار شہری جاں بحق اور لاکھوں دربدر و بے گھر ہو چکے ہیں ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button