مقبوضہ فلسطین

صیہونی فوج نے رہائی کے فوری بعد فلسطینی شہری مجد بریر کو گھر سے اٹھا لیا

شیعیت نیوز: اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے فلسطینی مجد بریر کو 20 سال قید کے بعد رہائی کے چند گھنٹوں بعد دوبارہ گرفتار کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق مجد بریر کو اسرائیلی فوج نے منگل کے روز سلوان کے مقام پر فلسطینی شہری مجد بریرکےگھر پر چھاپہ مارا اور گھر میں موجود ان کے بچوں کو زدو کوب کیا اور اس کے بعد سابق اسیر مجد بریر کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

ہلال احمر فلسطین کے مطابق مجد بریر کی گرفتاری کےخلاف فلسطینیوں‌ نے اسرائیلی فوج کے خلاف مظاہرہ کیا تو اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم 12 افراد زخمی ہوگئے۔

ہلال احمر کے مطابق زخمی ہونے والے متعدد فلسطینیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

اسرائیلی فوج نے مجد بریر کی رہائش گاہ پر اس کی رہائی کی خوشی میں جمع ہونے والے فلسطینیوں پر لاٹھی چارج بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں : داعش کا موزمبیق کے ساحلی شہر پالما پر کنٹرول کا دعویٰ

خیال رہے کہ مجد بریر کو اسرائیلی جیل سے 20 سال کے بعد رہا کیا تھا۔ اسے 30 مارچ 2001ء کو عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے ساتھ تعلق کےالزام میں گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا تھا۔

مجد بریر شادی شدہ تھے اور اس وقت ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی تھی۔ بیٹی کی عمر صرف 15 دن تھی۔ آج یہ دونوں بچے جوان ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل 44 سالہ فلسطینی محمد معالی اپنی مسلسل قید کے 17 سال مکمل کرنے کے بعد 18 ویں سال میں داخل ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسیر معالی کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں الدھیشہ پناہ گزین کیمپ سے ہے۔

کلب برائے اسیران کے مطابق محمد معالی کو اسرائیلی فوج نے 2004ء کو گرفتار کیا اور اسے اسرائیل مخالف سرگرمیوں اور مزاحمتی کارروائیوں میں حصہ لینے کی پاداش میں 21 بار عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

کلب برائے اسیران کے مطابق گرفتاری کے بعد اسیر معالی کو مسلسل 70 دن تک ایک حراستی مرکز میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ اسیر معالی نے اسرائیلی زندان میں گریجوایشن مکمل کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button