خفیہ ملاقات میں اسرائیلی انٹیلی جنس چیف کی صدر محمود عباس کو سرزنش

شیعیت نیوز: اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل ’12‘ کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے اسرائیلی داخلی سلامتی کے خفیہ ادارے ’’شاباک‘‘ کے انٹیلی جنس چیف ندائو ارگمان نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے خفیہ ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات میں تین اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق ارگمان نے صدر عباس کو تین اہم معاملات میں تنبیہ بھی کی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس چیف نے صدر محمود عباس کو اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے اور اقتدار پر ممکنہ قبضہ کرنے پر خبردار کیا۔
فلسطینی حکومت میں حماس کی شمولیت اور عالمی فوج داری عدالت میں اسرائیل کے ٹرائل پر فلسطینیوں کی طرف سے عالمی عدالت کے ساتھ تعاون پر خبردار کیا۔
عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق اسرائیلی عہدیدار نے سخت لہجے میں محمود عباس سے بات کی۔ عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بھی محمود عباس کو ایک مکتوب میں مذکور امور پر خبردار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نابلس میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں فلسطینی شہری شہید
دوسری جانب اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے کڑی پابندیوں کے باوجود ہزاروں فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی۔
رپورٹ کے مطابق بیت المقدس بالخصوص پرانے بیت المقدس میں فلسطینی نمازیوں کی نقل وحرکت پر کڑی پابندیاں عائد کیں۔ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے غرب اردن سے آنے والے نمازیوں کی بسیں روک دیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق پرانے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے اطراف میں دسیوں پولیس اہلکار اور فوجی تعینات کیے گئے۔ پولیس کی گشتی پارٹیوں کی بڑی تعداد فلسطینی نمازیوں کو روکنے کی کوشش کرتے رہے۔
نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد باب الاسباط اور دوسرے دروازوں سے باہر نکلنے والے نمازیوں کو روک دیا۔ جمعہ کو علی الصباح صیہونی فوج اور پولیس نے مسجد اقصیٰ کے اطراف کو گھیرے میں لے لیا تھا۔
ادھر مسجد اقصیٰ کے امام الشیخ عکرمہ صبری نےکہا کہ اسرائیلی ریاست کورونا وبا سے غیرقانونی فائدہ اٹھا کر مسجد اقصیٰ کو یہودیانے کی سازشوں کو آگے بڑھا رہا ہے۔