آیت اللہ العظمیٰ سیستانی ، یکجہتی و اتحاد کو تقویت پہنچا رہے ہیں، مصطفی الکاظمی

شیعیت نیوز: عراق کے وزیراعظم نے تاکید کی ہے کہ عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ سیستانی ، یکجہتی و اتحاد کو تقویت پہنچا رہے ہیں۔
فرات نیوز کے مطابق عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے ایک بیان میں کیتھولک رہنما پوپ فرانسس کے حالیہ دورہ عراق اور نامورمرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی سے ان کی ملاقات کا ذکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کے بزرگ مرجع تقلید اور کیتھولک رہنما ہمارے لئے امید اور پائیدار سماجی امن کی راہ کو مستحکم بنا رہے ہیں۔
پوپ فرانسس نے گذشتہ ہفتے عراق کا تین روزہ دورہ اور نجف اشرف میں آیت اللہ العظمیٰ سیستانی سے ملاقات کی تھی جبکہ اس ملاقات کا عالمی ذرائع ابلاغ میں وسیع پمیانے پر انعکاس کیا گیا۔
اس ملاقات سے متعلق سوشل میڈیا پر جس بات کا بہت چرچا رہا اور جسے بہت زیادہ سراہا گیا وہ فلسطینی عوام کی حمایت میں آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کا مؤقف ہے۔
اس ملاقات میں پوپ فرانسس نے دہشت گردوں کے مقابلے اورعراق کے ستم رسیدہ عوام کی حمایت میں مرجعیت اور شیعہ مسلمانوں کے کردار کی قدردانی کی۔
یہ بھی پڑھیں : بحرین پر سعودی عرب کی لشکر کشی کو ایک عشرہ مکمل
دوسری جانب عراق کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک کے مشرقی علاقوں میں داعش کے باقیات کے خلاف مشترکہ زمینی اور فضائی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
بغداد میں دفاعی اورعسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبہ دیالہ کے نواحی علاقوں میں شروع کی جانے والی اس کارروائی میں عراق کی عوامی رضاکار فورس کے دستوں کے علاوہ فضائیہ کے لڑاکا طیارے بھی حصہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب عراقی فوج کی مشترکہ کمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ شمال مغربی شہر سنجار میں شام سے ملنے والی سرحد کے قریب فوج نے دہشت گردوں کی درانداز کی کوشش کو ناکام بنادیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کی بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کو شام کی سرحدوں سے پیچھے دھکیل دیا ہے۔