عالم اسلام کو چاہیئے کہ وہ یمن کے مسئلے کو اٹھائے، یہ مسئلہ مسلمانوں کا ہے ، علامہ ناظر عباس تقوی

05 مارچ, 2021 10:34

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ ناظرعباس تقوی کا یمن کی موجودہ صورتحال پر جاری بیان میں کہنا ہے کہ اس وقت یمن کا بنیادی نقشہ تباہ ہوچکا ہے اور لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں، ہزاروں لوگ جن میں خواتین، بچے، بزرگ شامل ہیں، وہ اپنی زندگیوں کی بازی ہار چکے ہیں، ایسی صورتحال کے اندر اقوام متحدہ کی خاموشی نے ایک بہت بڑا سوال اٹھایا ہے کہ یمن میں انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ سعودی عرب اور امریکہ کی جانب سے جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کو اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے سعودی عرب اور امریکہ پر یہ دباؤ ڈالنا چاہیئے تھا کہ وہاں پر جو کیمیکل ہتھیار استعمال کئے جا رہے ہیں، اس کو روکا جاتا اور یمنی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے وفد بھیجا جاتا، اس وقت یمن کی موجودہ صورتحال یہ ہے کہ وہاں غذا موجود ہے اور نہ ہی ادویات اسپتال اور ایمبولینس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی ولی عہد شہزادہ بن سلمان کو سزا دی جائے، 42 بین الاقوامی تنظیموں کا مطالبہ

علامہ ناظرعباس تقوی کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو چاہیئے کہ وہ یمن کے مسئلے کو اٹھائے، یہ مسئلہ مسلمانوں کا ہے، ہمارے یمنی مسلمان اس وقت شدید مسائل سے دوچار ہیں، ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم یمنی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی و یکجہتی کرتے ہوئے احتجاجی پروگرام اور سمینارز کا انعقاد کریں اور یمن کے مسئلے کو اجاگر کریں کہ وہاں پر امریکہ اور سعودی عرب کس طرح سے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کرظلم و بربریت کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ میں پاکستان کے حکمرانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھی امریکہ اور سعودی عرب پر دباؤ ڈالیں، تاکہ یمن کے مسائل کو گفتگو کے ذریعے حل کیا جاسکے۔

6:37 شام اپریل 20, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔