حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ ایہاب حمادہ کے گھر پر راکٹ حملہ

شیعیت نیوز: لبنان کے میڈیا ذرائع نے حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ ایہاب حمادہ کے گھر پر راکٹ حملے کی خبر دی ہے۔
اسنا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایک نا معلوم مسلح گروہ نے لبنان کے شہر الہرمل میں ایہاب حمادہ کے گھر پر راکٹ سے حملہ کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس راکٹ حملے کے ساتھ ہی ان کے گھر پر فائرنگ بھی کی گئی۔
اس واقعے کے بعد لبنان کی فوج نے شہر میں اپنی گشت بڑھا دی ہے اور رکن پارلیمنٹ کے گھر کی جانب جانے والے سارے راستوں کی ناکہ بندی کر دی ہے۔
حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ ایہاب حماد نے بتایا کہ حملے کے وقت وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ دار الحکومت بیروت میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ، لبنان میں سیکورٹی خلاء کی وجہ سے رونما ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : شامی وزارت خارجہ کی شام کے سرحدی علاقوں پر امریکہ کے بزدلانہ حملے کی مذمت
اس سے پہلے لبنان کے ایک مشہور سیاسی تجزیہ نگار لقمان سلیم کی لاش، جنوبی لبنان سے دریافت ہوئی تھی۔
کچھ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ انتہا پسند گروہ لبنان کے اندر بد امنی پھیلانے کے لئے اس طرح کے اقدامات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب صیہونی حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لبنان کی بحری اور فضائی حدود میں جارحیت کا ارتکاب کیا ہے۔
القدس العربی کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے ایک بحری جنگی جہاز نے لبنان کے آبی علاقے ناقورہ میں لبنان کے سمندری حدود کی خلاف ورزی کی ۔ اس کے علاوہ اسرائیل کے ایک ڈرون طیارے نے لبنان کے علاقوں نبطیہ اور اقلیم التفاح میں نچلے درجے کی پروازیں کر کے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔
لبنان نے ہمیشہ عالمی اداروں سے کہا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کو اس طرح کی جارحیت کا ارتکاب کرنے سے باز رکھیں۔