مآرب میں سعودی اتحاد کے سرغنہ فوجی کمانڈروں کے اجلاس پر میزائل حملہ

شیعیت نیوز: یمن کے پریس ذرائع نے مآرب میں سعودی اتحاد کے سرغنہ فوجی کمانڈروں اور افسروں کی نشست والے مقام پر حملہ ہونے کی خبر دی ہے۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جمعے کی صبح مآرب میں اس مقام پر حملہ کیا ہے جہاں سعودی اتحاد کے فوجی کمانڈروں اور افسروں کی میٹنگ ہورہی تھی۔
فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اس میزائل حملے میں سعودی اتحاد کے کئی فوجی کمانڈر ہلاک ہو گئے۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی مآرب میں سعودی جارحین کے ساتھ ہونے والی خونریز جھڑپوں میں سعودی اتحاد کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ کی ایران اور مزاحمتی محاذ سے دشمنی نئے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے
دوسری جانب فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ مآرب کے شمال مشرق میں واقع ایک اہم علاقے الجدافر کو سعودی اتحاد کے فوجیوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔
شہر مآرب کے مغرب میں واقع شہر الزور میں بھی سعودی اتحاد کے زرخرید فوجیوں اور اس علاقے کے قبائلیوں میں شدید جھڑپیں ہوئی ہیں جن میں سعودی اتحاد کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے۔
یمنی فوج اور رضاکار فورس نے ایک مہینے قبل صوبہ مآرب کی آزادی کے لئے آپریشن شروع کیا ہے ۔ اس آپریشن کے دوران یمنی فوج اور رضاکار فورس کے جوانوں کو بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور سعودی اتحاد پر کاری ضربیں لگی ہیں۔
واضح رہے کہ جارح سعودی اتحاد نے امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت سے مارچ 2015 سے یمن پر وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اب تک سعودی جارحیت میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو ئے ہیں لیکن اس کے باوجود نہ فقط سعودی اتحاد اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہوا ہے بلکہ اسے پسپائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے