امریکہ، ایران پر عائد تمام پابندیوں کو فوراً اٹھا لے، چینی وزارت خارجہ

شیعیت نیوز: چینی وزارت خارجہ نے امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد تمام پابندیوں کے فوراً اٹھا لئے جانے پر تاکید کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران ایرانی جوہری معاہدے کے بارے میں چین کے مستقل موقف کو دہرایا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایرانی جوہری معاہدے کی تازہ صورتحال کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے اُسے ’’نازک‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ایرانی جوہری معاہدے کے حوالے سے موجود صورتحال انتہائی حساس ہے، جس میں مواقع کے ساتھ ساتھ خطرات بھی موجود ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایرانی جوہری معاہدے کے حوالے سے چین کے مستقل موقف کو دہراتے ہوئے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران پر عائد اپنی تمام پابندیوں کو فی الفور اٹھا لے اور بین الاقوامی جوہری معاہدے میں واپس لوٹ آئے۔
یہ بھی پڑھیں : ادلب، دہشت گردوں نے حکومتی علاقوں کی جانب عوامی نقل مکانی پر پابندی عائد کردی
وانگ وینبن کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے ہمارا موقف یہی رہا ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے وجود میں آنے والے تنازعے کا واحد حل جوہری معاہدے میں امریکہ کی واپسی اور ایران پر عائد تمام پابندیوں کا اٹھا لیا جانا ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں بھی چینی حکام کی جانب سے بارہا تاکید کی گئی ہے کہ واشنگٹن بلا قید و شرط جوہری معاہدے میں واپس لوٹ آئے اور تہران پر عائد اپنی تمام پابندیاں اٹھا لے۔
دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ نے دیہی غربت کے مکمل خاتمے کا اعلان کر دیا۔ چینی صدر نے بیجنگ میں منعقد ایک تقریب میں دیہی غربت کے خاتمے کے لئے چین کی کوششوں کی مکمل فتح کا اعلان کیا۔
چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت کو پچھلے 8 سالوں میں تقریبا 100 ملین افراد کو غربت سے نجات دلانے کا سہرا جاتا ہے۔ چین کے دیہاتوں میں ہر سال فی کس آمدنی 1.52 ڈالر تھی، چین نے غربت ختم کرنے کی پالیسیز پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔