ایران

امریکہ پر اعتماد کرنا غلطی ہے، ایرانی عدلیہ کے سربراہ ابراہیم رئیسی

شیعیت نیوز: ایرانی عدلیہ کے سربراہ سید ابراہیم رئیسی نےامریکہ پر اعتماد کو دنیا بھر کے ملکوں کی غلطی قرار دیا ہے۔

بغداد میں عراقی کردستان ڈیموکریٹ پارٹی کے سربراہ مسعود بارزانی کے خصوصی ایلچی ہوشیار زیباری سے بات چیت کرتے ہوئے ایرانی عدلیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تاریخ واضح کرے گی کہ امریکہ پر اعتماد کرنا ایک غلطی ہے۔

سید ابراہیم رئیسی نے علاقے میں امریکہ کی موجودگی کو خطے کی اقوام کی سلامتی اور امن میں مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی کردستان کی سلامتی اور امن ایران کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران تمام کرد تنظیموں اور جماعتوں کے درمیان اتحاد کا خواہاں ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کے باہمی اختلافات کے نتیجے میں خطے کی سلامتی کے دشمنوں کو مداخلت کا موقع ملے گا۔

ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عراقی کردستان شاندار تاریخی، تہذیبی، ثقافتی اور ادبی ورثے کا مالک ہے اور اسے اپنی تہذیب و ثقافت پر مغربی رنگ چڑھانے کی اجازت نہیں دینا چاہیے۔

کردستان ڈیموکریٹ پارٹی کے خصوصی ایلچی ہوشیار زیباری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو مشترکہ تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے سے داعش کی نابودی میں ایران کے کردار کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : صیہونیوں نے شہید فخری زادہ کے قتل کیا، برطانوی ہفتہ وار جریدے کا انکشاف

دوسری جانب عراق کے سرکاری دورے پر موجود ایرانی چیف جسٹس آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے عراقی قوم کے نام رہبر انقلاب کا سلام پہنچایا اور عوام کے لئے سربلندی و پیشرفت اور حکومت کے لئے خود مختاری و کامیابی کی دعا کی۔

آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے دونوں ممالک کے درمیان قانونی تعاون کے حوالے سے 5 اہم نکات پر گفتگو کی اور کرپشن کے خلاف ایرانی عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران، عراق کے ساتھ عدالتی تعاون اور تجارتی سرگرمیوں میں مزید توسیع کا خواہاں ہے۔

آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے مزاحمتی محاذ کے شہید کمانڈرز جنرل قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی ٹارگٹ کلنگ سے متعلق قانونی کارروائی پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس جرم کا حکم دینے اور ارتکاب کرنے والے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے سے، مستقبل قریب میں خطے کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہو گا۔

ایرانی چیف جسٹس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے جنرل قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے عراقی خودمختاری، حاکمیت اور قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی ہے اور ہم تاکید کرتے ہیں کہ اس کیس کو دونوں ممالک کے خصوصی تعاون کے ذریعے جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button