انقلاب اسلامی کسی ایک سرزمین اور ایک ملت تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ اقوام عالم کیلئے ظلم و استبداد سے نجات کا پیغام ہے،علامہ مقصودڈومکی
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی نے عشرہ فجر انقلاب اسلامی کے موقع پر کہا ہے کہ انقلاب اسلامی نور کی تجلی بن کر چمکا جس نے دنیا میں پھیلے ظلمت کدے میں حق و صداقت اور ہدایت کی شمع روشن کی، جس نے دنیائے کفر و شرک اور طاغوت کے تمام تر شیطانی منصوبوں کو ناکام بناتے ہوئے خدا کی زمین پر خدا کے نظام کی بالادستی کی بات کی۔
ایک بیان میں ایم ڈبلیوایم رہنما نے کہا کہ رہبر کبیر حضرت امام خمینی (رح) نے عصر حاضر میں قرآن اور سنت کی روشنی میں ایک الہٰی اسلامی حکومت قائم کرکے بے مثال کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کا پیغام کسی ایک سرزمین اور ایک ملت تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ اقوام عالم کے لئے ظلم و استبداد سے نجات کا پیغام ہے، حضرت امام خمینی (رح) اتحاد بین المسلمین کے علمبردار اور سامراج مخالف انقلابی رہنما ہیں کہ جن کے افکار نے عالمی استکباری نظام میں دراڑیں ڈال دیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہم نے اس ملک کا دفاع اپنی جانیں دیکر کیا،دشمن نےمیلی آنکھ ڈالی تو منہ توڑجواب دیں گے،علامہ امین شہیدی
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ حضرت امام خمینی (رح) نے عصر حاضر میں قرآن و سنت کی روشنی میں ایک ایسا نظام حکومت تشکیل دیا جو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے، آپ نے استکباری نظام کے مکروہ چہرے کو بےنقاب کرتے ہوئے قرآن کریم کی تعلیمات کی روشنی میں اسلام کے سیاسی نظام یعنی نظام ولایت کو اس انداز سے پیش کیا کہ دنیا بھر کے کروڑوں انسان آپ کے گرویدہ اور ہمنوا ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: معروف بزرگ شیعہ سیاستدان مرید عباس کاظم کی رسم سوئم، علمائے کرام، سیاسی شخصیات اور گدی نشینوں کی شرکت
انہوں نے مزید کہاکہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے لئے حضرت امام خمینی (رح) نے قید و بند کی صعوبتیں اور طویل جلاوطنی برداشت کی، آپ کے صبر و استقامت کے سامنے ڈھائی ہزار سالہ شاہی نظام سرنگوں ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی 42 ویں سالگرہ کے موقع پر ہم تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔







