پاکستان میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز ہوگیا

شیعیت نیوز : پاکستان بھر میں کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کے عمل کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، جہاں پہلے مرحلے میں کووڈ 19 کے دوران فرائض کی انجام دہی میں مصروف فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو یہ ویکسین لگائی جائے گی۔
اس سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے قومی مہم کا آغاز کیاجہاں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے بذریعہ ویڈیو لنک تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر تمام صوبوں میں بھی متعلقہ مقامات پر ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ میں تمام وزرائے اعلیٰ اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور یہ تقریب اس کا مظہر ہے کہ ملک پر جب مشکل وقت آتا ہے تو تمام پاکستانی مل کر کام کرتے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں سعودی عرب نے پاکستانیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی
اسد عمر کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب کے لیے چینی حکومت اور چینی لوگوں کا شکریہ جنہوں نے ویکسین کے اس عمل کو ممکن بنایا، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ویکسین کے حصول میں وزارت صحت کا ایک خصوصی کردار رہا ہے اور میں سابق معاون خصوصی صحت ظفر مرزا کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ دوران گفتگو انہوں نے عثمان بزدار، مراد علی شاہ، محمود خان، جام کمال، وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر، وزیراعلیٰ گلگلت بلتستان خالد کی قیادت اور جدوجہد سے پاکستانی بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا کے خلاف کام کرنے والوں میں ہمارے اصل ہیروز فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز ہیں، یہ لوگ ہماری قومی و سایسی قیادت سے زیادہ اہمیت ہے اور انہیں کے ساتھ آج پاکستان بھر میں ویکسینیشن کا آغاز ہورہا ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کو تقریباً ایک سال کا عرصہ گزرنے اور اس دوران 5 لاکھ سے زائد کیسز اور ساڑھے 11 ہزار سے زائد اموات کے بعد حکومت نے فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگانے کا عمل گزشتہ روز شروع کردیا تھا تاہم ملک بھر میں مہم کا باقاعدہ آغاز آج سے کیا گیا۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں پہلے ہیلتھ کیئر ورکر کو کورونا وائرس کی ویکسین لگائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ پیر کو کورونا وائرس کی چینی ویکسین کی پہلی کھیپ چین سے نور خان ایئربیس اسلام آباد پہنچی تھی۔ بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی سفیر نانک رانگ سے سائنو فارم کی ویکسین کی 5 لاکھ خوراکوں کی کھیپ وصول کی تھی۔ ملک بھر میں ویکسینیشن کے لیے آڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکانزم سے کنٹرول کیا جائے گا۔ این سی او سی پوری ویکسینیشن مہم کے دوران نرو سینٹر کے طور پر کام کرے گا اور ویکسینیشن کے لیے صوبے، اضلاع اور تحصیل کی سطح پر بھی کور سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔