سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کے مختلف یمنی رہائشی علاقوں پر شدید حملے

شیعیت نیوز: جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے عالمی اداروں کی خاموشی سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے یمن کے مختلف علاقوں منجملہ مآرب کے رہائشی علاقوں پر شدید حملے کئے ہیں۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبہ مآرب کے صرواح، مدغل اور مجزر علاقوں پر کئی مرتبہ حملے کئے۔ ابھی تک ان حملوں سے ہونے والی جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔
سعودی عرب امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کے خلاف جارحانہ حملوں کے ساتھ ہی اس ملک کا بری، بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے جس کے باعث اب تک سترہ ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ یمن کی المناک صورت حال اور تباہ کاریوں کا جائزہ لے، انصاراللہ کا مطالبہ
دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ اور مختلف سیاسی گروہوں نے یمنی عوام کے خلاف امریکی جرائم کی شدید مذمت کی ہے۔
ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ اور مختلف سیاسی جماعتوں نے دارالحکومت صنعا میں اپنی ایک نشست میں تاکید کی ہے کہ یمن میں عورتوں اور بچوں کا قتل عام امریکہ اور اس کے فراہم کردہ ہتھیاروں سے ہو رہا ہے اور اس قسم کے وحشیانہ جرائم گذشتہ چھے برسوں سے جاری ہیں۔
اس اجلاس سے خطاب کرنے والے مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ تسلط پسندی کی مخالفت کرنے والی قوموں کے خلاف امریکہ اور اسرائیل نے ہمیشہ وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور وہ ان قوموں کے مقابلے میں ہمیشہ قتل عام کی پالیسی پر عمل کرتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے مارچ دو ہزار پندرہ میں یمن کے خلاف غیر قانونی جنگ اور وحشیانہ جارحیت کا آغاز کیا جو تاحال جاری ہے امریکہ اور بعض مغربی ممالک اس جنگ میں سعودی عرب کو سیاسی اور لاجسٹک سپورٹ کر رہے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات اور بعض دوسرے عرب ممالک اس کے اتحادی ہیں۔