شہید کمانڈرز قاسم سلیمانی اور المہندس کی پہلی برسی پر غزہ میں ایک عالیشان تقریب

شیعیت نیوز: گذشتہ سال امریکی دہشت گردانہ ٹارگٹ کلنگ میں شہید کمانڈرز جنرل قاسم سلیمانی، عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس اور ساتھیوں کی پہلی برسی کے موقع پر فلسطینی شہر غزہ میں ایک عالیشان تقریب منعقد کی گئی۔
فلسطینی ای مجلے فلسطین الیوم کے مطابق ’’شہید القدس‘‘ کے عنوان سے منعقد کی جانے والی اس عالیشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مزاحمتی فورس حماس کے سیکرٹری سیاسیات محمود الزہار نے تاکید کی ہے کہ گو کہ سردار سلیمانی عراقی سرزمین پر شہید ہوئے ہیں، تاہم یہ ان کا راسخ عقیدہ تھا کہ ’’بلاد مسلمین‘‘ کے درمیان کسی قسم کی سرحدیں موجود نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شہید کمانڈرز کی پہلی برسی پر ’’زینب سلیمانی‘‘ کا فلسطینی قوم کے نام خصوصی پیغام
محمود الزہار نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے امتِ مسلمہ کا دفاع کرنے والے مزاحمت کاروں کی حمایت میں ذرہ برابر کوتاہی کی اور نہ ہی اپنی ہمہ جانبہ حمایت کے حوالے سے کبھی مذہبی بنیاد پر کوئی فرق روا رکھا ہے۔
اس موقع پر فلسطینی مزاحمتی فورس الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے سیکرٹری سیاسیات خالد البطش نے اپنی گفتگو میں تاکید کی کہ غزہ کی پٹی میں فوجی ڈھانچے کی تشکیل کے دوران شہید جنرل قاسم سلیمانی ہر فلسطینی گروہ کے ساتھ شریک رہے، جس کے دوران سینکڑوں بلکہ ہزاروں فلسطینی مجاہدین نے بطور احسن جنگی فنون سیکھے۔
انہوں نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے فلسطینی مزاحتمی محاذ کی بھرپور حمایت اور انہیں انواع و اقسام کے جدید اسلحے سے لیس کرکے ایران کے نعروں کو عملی شکل دی۔
انہوں نے تاکید کی کہ جنرل قاسم سلیمانی درحقیقت مختلف مزاحمتی شرکاء کے ایک ایسے عظیم پراجیکٹ کے بانی ہیں، جس میں زبان، مذہب، نسل اور عقیدے کے اختلاف کی کوئی اہمیت نہیں۔
فلسطین الیوم کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے مرکزی رہنماء نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کسی طور ان کے پراجیکٹ کی موت کے مترادف نہیں، کیونکہ ایک شہید لاکھوں افراد کو زندہ کر جاتا ہے، جبکہ بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے کمانڈرز کو نشانہ بنانے کا عمل خود اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ وہ بالکل درست رَستے پر عمل پیرا تھے۔
خالد البطش نے کہا کہ فلسطین سے لبنان اور شام سے عراق و یمن تک تمام مزاحمتی محاذوں کے درمیان وحدت ہی شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے بھائیوں کا حقیقی ہدف تھا، جبکہ ان کی دہشتگردانہ ٹارگٹ کلنگ بھی غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں حاصل ہونے والی اسی وحدت کے عمل کو روکنے کے لئے انجام دی گئی ہے۔
جہاد اسلامی کے سیکرٹری سیاسیات نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے نہ صرف اپنی زندگی کے دوران امریکی مذموم منصوبوں کے سامنے ڈٹ کر اُسے ذلیل کیا بلکہ اپنی مظلومانہ شہادت کے ذریعے بھی امریکہ کو دوسرے حوالے سے خوار کرکے رکھ دیا، کہا کہ غاصب صیہونی حکومت اس جرم میں برابر کی شریک ہے، جس کا اُسے ضرور حساب دینا ہوگا۔