مچھ میں محنت کشوں کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت بدترین دہشت گردی ہے، علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی
انہوں نے کہا کہ پاک فوج، امن و امان کے ذمہ دار ادارے بلوچستان میں مدتوں سے شناخت شدہ دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کیخلاف بلا تاخیر کارروائی کریں

شیعیت نیوز: بزرگ شیعہ عالم دین ،وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سربراہ علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے مچھ بلوچستان میں گیارہ معصوم انسانوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مچھ میں محنت کشوں کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت بدترین دہشت گردی ہے، جس کی سخت مذمت کی جاتی ہے، غمزدہ متاثرین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مچھ میں شہید ہونے والے شیعہ کان کنوں کی تصاویر جاری، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی
انہوں نے کہا کہ پاک فوج، امن و امان کے ذمہ دار ادارے بلوچستان میں مدتوں سے شناخت شدہ دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کیخلاف بلا تاخیر کارروائی کریں، رزقِ حلال کمانے میں مشغول مظلوم مزدوروں کی مسلکی بنیاد پر شناخت کے بعد ٹارگٹ کلنگ نہایت بھیانک واردات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح بلوچستان میں بھی اگر دہشتگردوں کیخلاف بھرپور آپریشن کیا جاتا تو بلوچستان میں اس طرح کے اندوہناک سانحات بار بار پیش نہ آتے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نیشنل ایکشن پلان کو بھول چکی ہے،سانحہ مچھ پربلاول بھٹوذرداری کا ردعمل
انہوں نے کہا کہ میڈیا بعض واقعات میں دہشتگردی کا شکار ہونیوالوں کو شہید اور بعض کو ہلاک یا جاں بحق قرار دینے کے دوہرے معیار کو ختم کرے۔ علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا کہ محنت مزدوری کرتے ہوئے رزقِ حلال کماتے ہوئے دہشتگردی کا شکار افراد اگر شہید نہیں تو دیگر لوگ کس ضابطے کے تحت شہید ہیں؟ وزیراعظم ، عسکری سربراہ کو دہشتگردی کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیلئے بلوچستان جائیں اور اس بھیانک واردات کی انکوائری کی خود نگرانی کرکے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنانے کی ہدایات جاری کریں۔