آیت اللہ مصباح یزدی کی وفات پر آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کا تعزیتی پیغام

شیعیت نیوز: رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے ایک پیغام میں، عالم ربانی، مجاہد فقیہ و حکیم، آیت اللہ محمد تقی مصباح یزدی کی وفات پر تعزیت پیش کی ہے۔
آیت اللہ مصباح یزدی کے اہل خانہ اور ان کے شاگردوں کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے آیت اللہ مصباح یزدی کو ممتاز مفکر، لائق مدیر، اظہار حق کے لیے آواز بلند کرنے اور صراط مستقیم پر استقامت کرنے والی شخصیت قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شہدائے محاذ استقامت کے قاتلوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا جائے گا
رہبر انقلاب اسلامی کے تعزیتی پیغام میں آیا ہے کہ آیت اللہ مصباح یزدی مذہبی افکار کی ترویج، اذہان کو روشن کرنے والی کتابوں کی تالیف اور ممتاز شاگردوں کی تربیت کے حوالے سے بے مثال کردار کے مالک تھے اور ہر اس میدان میں جہاں ان کی ضرورت محسوس ہوئی انقلابی طریقے سے پیش پیش رہے۔
آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ان کے بارے میں فرمایا کہ وہ جوانی سے لے کر آخری عمر تک تقوی و پرہیزگاری کی دائمی خصلت کے مالک تھے اور اس طویل مجاہدت کے نتیجے میں انہیں معرفت توحید کے راستے میں سلوک کی توفیق نصیب ہوئی جو عظیم عطیہ الہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شہید سلیمانی نے اسرائیل کے خلاف پتھر پھینکنے کے بجائے راکٹ برسانے کا درس دیا
مرحوم پرہیزگار اور پارسا انسان تھے وہ جوانی سے لیکر عمر کی آخری سانس تک اس نیک خصلت پر گامزن ر ہے۔ میں اپنے قدیم عزیز اور برادر کے غم میں سوگوار ہوں ۔مرحوم کے اہلخانہ، پسماندگان ، شاگردوں اور دوستوں کو تعزيت اور تسلیت پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالی مرحوم پر اپنی رحمت اور مغفرت نازل فرمائے۔
قابل ذکر ہے کہ مجلس خبرگان رہبری کے رکن اور امام خمینی ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے سربراہ آیت اللہ مصباح یزدی چند روز کی علالت کے بعد جمعے کو اس دار فانی سے کوچ کرگئے۔ انہیں ہفتے کو تہران میں حضرت شاہ عبدالعظیم کے روضے میں سپرد خاک کردیا گیا۔