مقبوضہ فلسطین

شدت پسند صیہونی آبادکاروں کے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر حملے

شیعیت نیوز: شدت پسند صیہونی آباد کاروں کے جتھوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں فلسطینی شہریوں اور ان کی گاڑیوں پر حملوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہے ۔

مقامی ذرائع کے مطابق صوبہ رام اللہ کے شمال میں سنجل گاؤں کے قریب مرکزی سڑک پر آباد کاروں کے ایک گروہ نے گزرتی ہوئی فلسطینی کاروں پر پتھراؤ کیا۔ اسی طرح کے پتھراؤ کا ایک اور واقعہ اللبان الشرقیہ گاؤں کے قریب ودعلی کے علاقے میں پیش آیا۔

مرکزی مقبوضہ بیت المقدس میں متعدد صیہونی آبادکار مختلف علاقوں میں پھیل گئے اور مقامی رہائشیوں کی کاروں کو حملوں کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں : شہید قاسم سلیمانی نے فلسطینی مجاہدین کو گراں قدر تجربات منتقل کئے، خالد القدومی

شدت پسند صیہونی آبادکاروں نے نابلس کے جنوب میں جالود گاؤں پر بھی ہلہ بولا اور گھروں پر حملہ کیا۔اس سے پہلے نابلس کے جنوب میں عورتا قصبے میں غیر قانونی آبادکار بستی إيتامار سے تعلق رکھنے والے چند صیہونی آبادکاروں نے وسیع فلسطینی زمین کو ضبط کر کے ہموار کرنا شروع کر دیا ۔

گذشتہ دو دنوں میں مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں اور مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں اور ان کی املاک کے خلاف صیہونی آبادکاروں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے ۔

دوسری جانب فلسطین کے علاقے غرب اردن میں یہودی آباد کاروں کے روز مرہ کی بنیاد پر نہتے فلسطینیوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے جواب میں ممکنہ فلسطینی رد عمل اور مزاحمت سے اسرائیلی دفاعی اور سیاسی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

عبرانی نیوز ویب سائٹ ’’وللا‘‘ کی طرف سے جاری کردہ  ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن میں ’’تدفیع الثمن‘‘ نامی ایک یہودی گروپ کی طرف سے فلسطینیوں کی جان ومال پر ہونے والے حملے دفاعی اور سیکیورٹی حلقوں کے لیے تشویش اور پریشانی کا باعث ہیں۔

عبرانی نیوز ویب پورٹل کے مطابق حالیہ ہفتوں کے دوران شدت پسند صیہونی آبادکاروں کی طرف سے فلسطینیوں کی جان ومال پر ہونے والے حملوں ‌کے بعد خدشہ ہے کہ فلسطینیوں میں‌ ایک بڑی اور وسیع تحریک اٹھ سکتی ہے۔

ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کاروں کے حملوں کے جواب اور ممکنہ رد عمل کے پیش نظر اسرائیلی پولیس اور فوج کو فلسطینی علاقوں کے اطراف میں الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی پولیس کی چوکیوں اور دیگر مقامات پر سیکیورٹی کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ تین ایام میں اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینیوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

غرب اردن کے شمال میں ایک فلسطینی شہری کو شہید کئے جانے اور یہودی آبا دکاروں کی طرف سے فلسطینیوں ‌پر حملوں کے جواب میں فلسطینی عوام میں سخت غم وغصے کی لہر پائی جا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button