ایران

یورپ کو امریکہ کی غلط پالیسیوں کے زیر اثر نہیں آنا چاہئے: قالیباف

ایران کے پارلیمانی اسپیکر قالیباف نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جوہری معاہدے میں دیگر فریق ملکوں کی وعدہ خلافی ایرانیوں کی تلخ یادوں کا حصہ ہے، کہا ہے کہ ایرانی قوم امریکی پابندیوں سے پہنچنے والے نقصانات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

ایران کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے تہران میں سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں کہا کہ ایرانی عوام واشنگٹن کی یکطرفہ، ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں کی بنا پر امریکہ سے بدظن ہیں۔انھوں نے کہا کہ آزاد یورپ ایران کے ساتھ تعلقات جاری رکھنے کی توانائی رکھتا ہے اور یورپ کو امریکہ کی غلط پالیسیوں کے زیر اثر نہیں آنا چاہئے خاص طور سے ایسی صورت میں کہ واشنگٹن کے اقدامات مغربی ایشیا میں بدامنی و عدم استحکام کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ قالیباف نے کہا کہ امریکی اشاروں پر صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی استواری مغربی ایشیا کے مسائل کا حل نہیں ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ اگنازیو کاسیس نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایران اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان مالی میکنیزم فعال ہو چکا ہے البتہ اس سلسلے میں مزید قدم اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔انھوں نے ایران میں سوئٹزرلینڈ کی بعض کمپنیوں کی موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمپنیاں امریکی پابندیوں کے باوجود اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button