اہم ترین خبریںپاکستان

عزاداری کے جلوس اور مجالس پہلے بھی ہوتی تھیں، اب بھی ہوں گی، پابندیاں قبول نہیں،سبطین سبزواری

انہوں نے کہا کہ ریاست اور حکومت اگر توجہ دینا چاہتی اور کوئی مثبت کام کرنا چاہتی ہے تو پتنگ بازی، قتل و غارت گری، ڈکیتیوں اور چوریوں کو بند کروائے، مجالس کو بند کروانے سے باز رہے

شیعیت نیوز: عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے، مجالس اور جلوسوں میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے، پاکستان بنانے اور اس کی تعمیر و ترقی میں تمام مکاتب فکر کا حصہ ہے، ان خیالات کااظہار شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نےمیڈیا کو جاری بیان میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہر شہری کو آئین کے تحت مذہبی آزادی کے حقوق حاصل ہیں، مگر مجالس کے حوالے سے مسائل پیدا کئے جا رہے ہیں اور پاکستان کو شیعہ پر حملہ آور مخصوص فرقے کے تکفیری دہشتگرد گروہ کی تنگ نظر ریاست بنایا جا رہا ہے، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس کا شدیدبارشوں میں شہریوں وعزاداروں کی مشکلات پرتشویش کا اظہار

انہوں نے کہا کہ ہم واضح کرتے ہیں کہ عزاداری میں رکاوٹ قابل قبول نہیں، افسوس کہ ضلعی سول انتظامیہ کو مفلوج کیا جا رہا ہے، آئین کے تحت پاکستان جمہوری ریاست ہے، اسے ایجنسیوں کی غلام ریاست بنانے کے غیر آئینی ایجنڈے پر عمل کیا جا رہا ہے، مگر ہم کسی بیرونی ایجنڈے کو قبول نہیں کریں گے۔

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور مکاتب فکر کے پیروکاروں کی سرزمین ہے، جہاں میلادالنبی(ص) کے جلوس، مزارات پر عرس، تبلیغی جماعت کے اجتماعات، شہداء کربلا کی یاد میں ماتمی جلوس اور مجالس عزا بھی ہوتی ہیں اور ظاہر ہے کہ یہ تمام مختلف مکاتب فکر منعقد کرواتے ہیں، حکومت اور ریاست کا کام شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے، مشکلات پیدا کرنا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جلوس نواسہ رسولؐ کےخلاف ہرزہ سرائی،سربراہ جےیوپی نےقاری زوار بہادرسےاظہارلاتعلقی کردیا

انہوں نے کہا کہ اس لئے ہماری اپیل ہوگی کہ ریاست ماں کا کردار ادا کرے، پارٹی نہ بنے، عزاداری کے جلوس اور مجالس پہلے بھی ہوتی تھیں، اب بھی ہوں گی، پابندیاں قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اور حکومت اگر توجہ دینا چاہتی اور کوئی مثبت کام کرنا چاہتی ہے تو پتنگ بازی، قتل و غارت گری، ڈکیتیوں اور چوریوں کو بند کروائے، مجالس کو بند کروانے سے باز رہے، ہم قربانیاں دینا جانتے ہیں، کسی سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button