عراق

عراق کے مختلف علاقوں پر داعشی دہشت گردوں کا حملہ، آٹھ جاں بحق متعدد زخمی

شیعیت نیوز : عراق کے دو مختلف علاقوں پر داعشی دہشت گردوں کے حملے میں آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔

عراقی ذرائع کے مطابق صوبۂ کرکوک کے علاقے داقوق میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر داعشی دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں کم سے کم چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ایک اور اطلاع کے مطابق دہشت گرد گروہ داعش کی باقیات نے مشرقی صوبے بعقوبہ کے نواحی علاقے العظیم میں بھی ایک مقام پر حملہ کیا ہے جس میں چار عراقی شہری مارے گئے ہیں۔

عراق میں داعش کی شکست کے باوجود اس دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر مختلف علاقوں میں روپوش ہیں اور وہ گاہے بگاہے عراقی عوام اور سکیورٹی اہلکاروں کو اپنے حملوں کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آل سعود حکومت کے شیعہ نشین علاقوں میں عزاداری مخالف سخت اقدامات

عراق کی عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی نے عراق میں داعش کی شکست میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اب وہ فوج اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ مل کر مختلف شہروں سے داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کا صفایا کر رہی ہے۔

دوسری جانب عراقی پارلیمانی اتحاد الفتح کے ترجمان احمد الاسدی نے ملکی سرزمین پر قابض امریکی افواج کے مزید 3 سالہ قیام کی شدید مخالفت کی ہے۔

عرب ای مجلے المعلومہ کے مطابق احمد الاسدی نے کہا ہے کہ گزشتہ جون کے ماہ میں امریکیوں کے ساتھ ہونے والے پہلے مذاکرات کے اندر ملک سے امریکی فورسز کے انخلاء کا طے پانے والا نظام الاوقات دراصل ملک میں موجود تمام غیر ملکی فورسز کے انخلاء سے متعلق تھا۔

رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمانی اتحاد کے ترجمان نے واضح انداز میں کہا ہے کہ بعض علاقائی میڈیا پر نشر ہونے والی اور ہم تک پہنچنے والی خبروں میں کہا گیا ہے کہ ملک میں موجود غیرملکی فورسز مزید 3 سال تک عراق کے اندر اپنا قیام جاری رکھیں گی، جبکہ یہ کوئی امید افزاء موضوع نہیں اور اب تک انجام پانے والی تمام گفتگو اور وابستہ توقعات کے خلاف ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button