مقبوضہ فلسطین

اسرائیلی فوج کا غزہ سے داغے تین میزائل مار گرانے کا دعویٰ

شیعیت نیوز : اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں مزاحمت کاروں کی طرف سے داغے تین میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کی شام کو غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی کالونیوں پر تین میزائل داغے جنہیں آئرن ڈوم نظام کی مدد سے مار گرایا گیا۔

قبل ازیں عبرانی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی تھی کہ غزہ کے قریب کیسوفیم اور العین کے مقامات پر فلسطینیوں کے میزائل حملوں کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئےتھے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ میں داغے دو میزائل سرحد کے قریب گرے تاہم ان کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں گذشتہ دو ہفتوں سے سرحد پر سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے جواب میں فلسطینی مجاھدین جوابی کارروائی کےطور پر میزائلوں سے حملے کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل سے دوستی کرنے والے صیہونی قوتوں کے مُہرے ثابت ہوں گے۔ خالد مشعل

دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ عالم اسلام اور فلسطینی مسلمانوں کے لیے’’سرخ لکیر‘‘ ہے اور اسے پامال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ حماس کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اوّل کی طرف بڑھنے والےتمام ناپاک اور شرپسند ہاتھ کاٹ ڈالیں گے۔

رپورٹ کے مطابق مسجد اقصیٰ میں آتش زدگی کے سانحے کی 51 ویں برسی کے موقع پر حماس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کو تکلیف دینے اور اس کی بے حرمتی کے لیے بڑھنے والے ہاتھ اور پاؤں کاٹ ڈالیں گے۔

بیان میں‌کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے نمازیوں کی قبلہ اوّل سے بے دخلی اور بزرگ فلسطینی رہنما الشیخ رائد صلاح کو جیل میں ڈال کر صیہونی ریاست اس خوش فہمی میں ہے کہ وہ قبلہ اوّل سے فلسطینیوں کو دور کردے گی۔ مگر صیہونی دشمن کی ایسی کوئی بھی سازش قبول نہیں کی جائےگی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے فلسطینی قوم زندہ اور بیدار ہے اور فلسطینی مزاحمتی قوتوں میں قبلہ اول کےدفاع کی پوری صلاحیت موجود ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button