اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

ایران کا چاہ بہار بندرگاہ سے انڈیا کو الگ کرنا اہم پیشرفت ہے، جماعت اسلامی

شیعیت نیوز : امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے چاہ بہار بندر گاہ سے بھارت کو الگ کرنا اہم پیشرفت ہے، اس سے خطے میں امن و استحکام کو تقویت ملے گی، ان شاء اللہ، ہندوستان کے تمام مذموم عزائم خا ک میں مل جائیں گے، افغانستان اور پاکستان میں بھارتی مداخلت کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے چین کیساتھ مل کر 400 ارب ڈالر کا تاریخی تجارتی و دفاعی معاہد ہ کیا ہے، اس سے ایران کی معیشت بھی بہتر ہو گی اور پاکستان کے حوالے سے بھی یہ فائدہ مند ہو گا۔ گوادر اور سی پیک کامیابی سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچے گا اور انڈیا کی خطے میں چودھراہٹ کا خاتمہ ہو گا۔ امن کی خواہش کو پائیدار بنانے کیلئے جنوبی ایشیا میں بھارت کے کردار کو محدود کرنا ہوگا۔

یہ خبر بھی پڑھیں پاکستان کے ازلی دوست ایران نے پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کو چاہ بہار پراجیکٹ سے نکال دیا

انہوں نے کہا کہ بھارت کا گھناونا کر دار دنیا کے سامنے آشکار ہو چکا ہے، بھارت ایک انتہا پسند ریاست اور وزیراعظم مودی آر ایس ایس کے ایجنڈے کی تکمیل کر رہے ہیں، اکھنڈ بھارت کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے 22 کروڑ عوام نے ہمیشہ امن کا ساتھ دیا ہے، وقت آگیا ہے کہ بھارت کی مکر بازیوں کو بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان پوری طاقت کیساتھ بیرونی دنیا کے سامنے انڈیا کا اصل چہرہ سامنے لائے، انڈیا میں آباد اقلیتوں سمیت مقبوضہ کشمیر کے عوام پر جو ظلم و ستم اور بربریت کا مظاہرہ بھارتی افواج کی جانب سے کیا جا رہا ہے اس کی مثال کہیں نہیں ملتی، ایک لاکھ سے زائدہ کشمیری شہید اور ہزاروں خواتین کی بے حرمتی کی گئی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کے دیگر حصوں میں دہشتگردی کے واقعات میں براہ راست بھارت ملوث ہے، پنجگور میں دہشتگردوں کی فائرنگ پاک فوج کے تین جوانوں کی شہادت قابلِ مذمت ہے، بھارت لداخ میں چینی فوجیوں کے ہاتھوں شرمناک شکست اور چاہ بہار کی سبکی سے توجہ ہٹانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button