دنیا

امریکہ نے غرب اردن کو اسرائیل میں شامل کرنے پر گرین سگنل دیا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل

شیعت نیوز: انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے فلسطین کے غرب اردن کے علاقوں کو اسرائیل میں شامل کرنے کے اعلان پر امریکہ کی طرف سے حمایت کی شدید مذمت کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی کی طرف سے جمعہ کےروز ‘ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن کے وسیع وعریض علاقے پر اسرائیلی خود مختاری کے اعلان پر امریکی حکومت کی طرف سے حمایت بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور سلامتی کونسل کی مسلمہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی طرف سے غرب پر اسرائیلی قبضے کی حمایت صیہونی ریاست کو انسانی حقوق کی پامالیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : یورپی پارلیمنٹ کا ایران اور دیگر ممالک کے خلاف عائد پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس غاصب صیہونی حکومت کے اِس منصوبے کو عالمی حقوق اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے کہا کہ وہ غرب اردن کے بعض علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں ضم کرنے کے اسرائیلی منصوبے کو تسلیم نہ کریں اور مقبوضہ سرزمین میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کے معاملے سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل خود کو عالمی قوانین سے بالا تر سمجھتے ہیں۔

امریکہ کی طرف سے صیہونی ریاست کے غاصبانہ اور توسیع پسندانہ اقدامات کی غیرمشروط حمایت اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا مزید موقع فراہم کرے گی۔

عالمی ادارے نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی اراضی کے اسرائیل سے الحاق کی منصوبہ بندی پرعمل درآمد روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔

خیال رہے کہ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اپنے دورہ اسرائیل کے دوران کہا ہے کہ ان کا ملک غرب اردن کے علاقوں پر اسرائیل کی خود مختاری کے اعلان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غرب اردن کا اسرائیل سے الحاق تل ابیب کی اپنی صوابدید پر ہے۔ امریکہ اسرائیل کی مکمل حمایت کرے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button