غزہ دھماکے میں القسام بریگیڈ کا جنگجو شہید، حماس رہنما گرفتار

شیعت نیوز : غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفح میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کا ایک جنگجو سامی برھوم حادثاتی دھماکے میں شہید ہو گئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق سامی برھوم جسکی عمر 34 سال تھی منگل کی دوپہر رفح میں یبنا پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر میں دھماکے کے دوران شہید ہو گئے تھے۔
القسام بریگیڈ نے برھوم کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا اور ان کی ’’جہاد کے راستے پر بابرکت کوششوں‘‘ کو سراہا ، اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوج نے حماس رہنما محمد ابو طیر سمیت متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا
دوسری طرف فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں عباس ملیشیا نے اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے رہنما اور سابق اسیر 44 سالہ الشیخ ایاد ناصر کو حراست میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق غرب اردن کے شمالی علاقے طولکرم کے شویکہ قصبے میں تلاشی کے دوران حماس رہنما الشیخ ایاد ناصر کو حراست میں لے لیا۔
خیال رہے کہ الشیخ ایاد ناصر سابق اسیر ہیں اور کئی سال اسرائیلی زندانوں میں قید رہ چکے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی بھی انہیں متعدد بارسیاسی بنیادوں پرحراست میں لے چکی ہے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے وادی اردن کے طوباس شہر میں شاہراہ 90 کے قریب یہودی آبادکاروں اور اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ نقاب پوش یہودی آباد کاروں نے فلسطینی شہریوں پر تشدد کیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ’’ فتیہ التلال‘‘ نامی یہودی تنظیم کے 20 ڈنڈہ بردار غنڈوں نے فلسطینیوں پر تشدد کیا۔یہودی آباد کاروں نے طوباس میں عین البردلہ اور بردلہ کے مقامات پر فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
ادھر اسرائیلی فوج نے بھی وادی اردن میں فلسطینیوں کے گھروں پرحملوں میں انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے طوباس میں دو مقامات پر فلسطینی پرچم اتار پھینکے۔