کورونا وائرس، امریکہ میں ایمرجنسی نافذ ، 22 ہزار ہلاکتیں

13 اپریل, 2020 17:55

شیعت نیوز: امریکہ کی تاریخ میں پہلی بار کورونا وائرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے معاملے ہر روز بڑھتے ہی جا رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید ہزاروں افراد کورونا میں مبتلا ہو گئے اس طرح اس ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعداد 5 لاکھ 60 ہزار 402 جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار 105 سے تجاوز کر چکی ہے۔ جس کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

امریکی حکومت نے دیگر ممالک کی بنسبت بہت دیر سے کورونا ٹسٹنگ کا آغاز کیا ہے اور اس وقت کورونا بیماروں میں اچانک اضافے کے بعد امریکہ کے طبی مراکز کورونا ٹسٹ کٹس کی قلت سے روبرو ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل گیا، تراویح پر بھی پابندی

اس وقت امریکہ کی تمام پچاس ریاستوں میں کورونا وائرس سرایت کر چکا ہے اور اس وبا کے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے تیز پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر اقتصادی ماہرین نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ مئی کے اختتام تک امریکہ میں کم از کم دو کروڑ لوگوں کو اپنے روزگار سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے اور اس طرح امریکہ میں بے روزگاری کی شرح ۱۵ فیصد تک پہنچ جائے گی۔

دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں مزید 431 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے اس طرح اس ملک میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 19 ہزار 899 ہو گئی۔ اٹلی میں ہلاک ہونے والوں میں ایک سو کے قریب ڈاکٹر بھی کورونا کے سبب اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ جبکہ مزید 4 ہزار92 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے اس طرح اس ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 363 ہو چکی ہے ۔

اٹلی یورپی ممالک کے درمیان کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

12:53 صبح اپریل 21, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔