دنیا

انتہا پسند یہودیوں کی مجرمانہ غفلت سے اسرائیل کورونا سے دوچار

شیعت نیوز: اسرائیل میں بنیاد پرست آرتھوڈوکس اور انتہا پسند یہودیوں کی طرف سے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر حکومتی احکامات نظر انداز کرنے کے نتیجے میں اس وقت اسرائیل ایک نئی مشکل سے دوچار ہوچکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے کے اوائل میں وسطی اسرائیل کے شہر بنی براک کی سڑکوں اور بازاروں میں خریداروں کا ہجوم تھا۔ ان میں سے بیشتر بنیاد پرست آرتھوڈوکس یہودی تھے جو اپنے مذہبی رہنماؤں کی فرمانبرداری کرتے ہوئے کورونا وائرس کے خطرے کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے سڑکوں اور بازاروں میں گھوم رہے تھے۔

جمعہ تک کورونا کی وجہ سے بنی براک ملک کا بدترین مقام بن چکا تھا۔ ایک مقامی تجزیہ نگار نے بتایا کہ انتہا پسند یہودیوں کی وجہ سے بنی براک کی 40 فی صد آبادی کورونا کا شکار ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطینی اسیروں کو کورونا ہوا تو اسرائیل ذمہ دار ہوگا۔ فلسطینی صدر

اسرائیلی پولیس نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد جمعرات کی شام حکومت کی منظوری کے بعد جمعہ سے بنی براک میں مکمل لاک ڈاؤن کیا ہے۔

اسرائیل کی ایمرجنسی اتھارٹی نے کورونا سے متاثرہ علاقوں میں نقل وحرکت پرسخت ترین پابندیاں عائد کی ہیں تاکہ شہروں اور قصبوں میں کورونا کی وباء کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ اسرائیلی پولیس نے متعدد علاقوں کو ‘’’ نوگو ایریاز‘‘قرار دیا ہے۔

شہر کے تمام داخلی راستے اور درجنوں روڈ بلاک لگائے گئے تھے۔ ایک ہزار سے زائد پولیس افسران کولاک ڈاؤن قائم رکھنے کےلیےتعینات کیا گیا۔

اسرائیلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کی وباء پھیلنے کی ایک وجہ مذہبی رہنماؤں کی اندھی تقلید اور جدید ریاستی اصولوں سے انحراف بھی شامل ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں کورونا بحران کی جڑیں ایک مخصوص مذہبی گروپ سے جا کر ملتی ہیں۔ یہ گروپ اسرائیل میں الٹرا آرتھوڈوکس کی کالونیوں اور کچی آبادیوں میں رہتا ہے جہاں بیماریاں زیادہ تیزی سے پھیل سکتی ہیں۔

اسرائیلی سوسائٹی آف پبلک ہیلتھ فزیشنز کے صدر ہاگے لیون نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں آرتھوڈوکس برادری میں بڑے پیمانے پر کورونا پھیلنے کا اندیشہ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بنی بریک پہلا شہر ہے جس کو ’’نو گو ایریا‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ ایلات ، مودیعین علیت، بیتار علیت، بیت شمس اور حریدیم یہودیوں کی دیگر کالونیوں کو بھی نو گو ایریا قرار دیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button