ایران

ایرانی صدر کا عوام کے تعاون سے کورونا وائرس کو شکست دینے کا عزم

شیعت نیوز: ایران کے صدر حسن روحانی نے تینوں قوا کے سربراہی اجلاس میں کہا ہے کہ ہم ایرانی عوام کے بھر پور تعاون سے کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں اقدامات مؤثر ثابت ہورہے ہیں۔

صدر حسن روحانی نے وزارت صحت کے حکام کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ کے بعد کہا کہ اگر عوام کا تعاون جاری رہا تو کورونا وائرس پر بہت جلد قابو پالیا جائےگا۔

صدر حسن روحانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں ہی قیام کریں اور وزارت صحت کے حکام کی ہدایات اور سفارشات پر عمل کریں۔

انھوں نے کہا کہ حفظان صحت کے فردی اور اجتماعی امور پر عمل کرکے ہم کورونا وائرس کو شکست سے دوچار کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آج پورے ایران میں وبائی بیماری سے نجات کیلئے دعا و مناجات کی گونج ہوگی

اس اجلاس میں وزیر صحت اور وزیر داخلہ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں اقدامات کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوام کا تعاون جاری رہا تو ملک سے کورونا وائرس کا جلد از جلد خاتمہ ہوجائےگا۔

صحت کے اعلی حکام نے کہا کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے عوام کو کچھ عرصہ کے لئے اپنے گھروں میں رہنا پڑے گا اوراپنے گھروں میں قیام ہی کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔

دوسری جانب ایران کی وزارت صحت نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر اب تک پانچ ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو کر اسپتالوں سے اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

ایران کے نائب وزیرصحت علی رضا رئیسی نے بدھ کو تہران میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں اب تک سترہ ہزار تین سو اکسٹھ افراد کورونا میں مبتلا پائے گئے ہیں جن میں ایک ہزار ایک سو پینتیس جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس درمیان ایران کی حکومت اور مسلح افواج سمیت سبھی اداروں کے تعاون سے کورونا پر قابو پانے کے لئے قومی سطح پر مہم جاری ہے۔

کورونا کے خلاف قومی سطح پر جاری مہم میں عوام بھی پوری طرح شریک ہیں اور مریضوں کے ساتھ ان افراد کا بھی تیزی کے ساتھ پتہ لگانے کا عمل جاری ہے جو کورونا میں مبتلا مریضوں سے رابطے میں رہ چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button