مشرق وسطی

بحرین میں 214، قطر میں 439، ترکی میں 47 اور کویت میں 123 کورونا کیسوں کی تصدیق

شیعت نیوز: دنیا بھر کی طرح عرب ملکوں میں بھی کورونا وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں اب تک 7000 افراد میں کورونا کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

بحرین میں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے سبب پہلی وفات ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزارت نے پیر کے روز بتایا کہ وائرس سے متاثر ہو کر وفات پانے والی خاتون شہری کی عمر 65 سال تھی۔ وزارت صحت نے واضح کیا کہ مذکورہ خاتون کو دن رات طبی نگہداشت اور علاج کی خدمات فراہم کی جا رہی تھیں۔ انہیں علاج کی غرض سے طبی قید کے لیے مختص ایک مرکز میں رکھا گیا۔

بحرین کی وزارت صحت نے باور کرایا ہے کہ کورونا سے متاثرہ دیگر مریضوں کی حالت مستحکم ہے ، سوائے ایک مریض کے جس کو خصوصی نہگداشت کے تحت رکھا گیا ہے۔ ان تمام متاثرین کو طبی پروٹوکول کے مطابق بین الاقوامی معیار پر منظور شدہ ہدایات کی روشنی میں علاج اور طبی نگہداشت کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔یاد رہے کہ بحرین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 214 ہو چکی ہے۔ ان میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جو ایران سے واپس لوٹ کر آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عرب ممالک میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے احتیاطی تدابیر

قطری وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ریاست میں کورونا کیسوں کے متاثرین کی تعداد 439 تک جا پہنچی ہے۔

ترک وزیر صحت فخرالدین کھوجا کا کہنا ہے کہ 29 نئے مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد مجموعی تعداد 47 ہوگئی ہے۔ترک وزیر صحت فخرالدین کھوجا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ترکی میں 29 نئے مریضوں میں کورونا کیسوں کی تشخیص پائی گئی ہے۔ترک وزیر صحت کے مطابق نئے مریضوں میں 3 مریض عمرہ کرکے واپس آئے ہیں باقی مریضوں میں امریکہ،یورپ اور مشرقی وسطیٰ سے لوٹے ہیں۔

دوسری جانب کویت کی وزارت صحت کے نئے اعلان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 11 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اس طرح ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 123 ہو گئی ہے۔پیر کے روز وزارت صحت کے ترجمان عبداللہ السند نے اپنی یومیہ پریس کانفرنس میں زور دیا کہ اس مہلک وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے قرنطینہ کے اصول و ضوابط کی پابندی کی جائے۔ عالمی ادارہ صحت نے گذشتہ ہفتے کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button