ایران

ایرانی فوج کا بائيولوجیکل دفاعی مشقوں کا اعلان ، ملک ميں 300 آرمی میڈیکل سینٹر قائم

شیعت نیوز: آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی طرف سے مسلح افواج میں صحت ہیڈکوارٹر قائم کرنے اور بائیو لوجیکل دفاعی تیاریوں کے حکم کے بعد ایرانی فوج کے سربراہ نے کل سے ملک بھر میں بائيولوجیکل دفاعی مشقوں کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

ایران کی فوج نے بائیولوجیکل دفاعی مشقوں کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں 300 آرمی میڈیکل سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل سید عبد الرحیم موسوی کی قیادت میں ایرانی فوج کے اعلی افسروں کا ہنگامی اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ منعقد ہوا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایران میں موجود آرمی میڈیکل مراکز کے علاوہ 300 جدید میڈیکل سینٹر قائم کرنے اور حیاتیاتی اور بائيولوجیکل دفاعی مشقوں کو آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزارت صحت کی حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا شرعی ذمہ داری ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای

ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل موسوی ، ایرانی فوج کے ڈپٹی کوآرڈینیٹرایڈمرل سیاری ، ایرانی بری فوج کے سربراہ بریگیڈیئرجنرل حیدری ، فضائیہ کے سربراہ جنرل صباحی فرد ، ایرانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل خانزادی اور فوج کے میڈیکل شعبہ کے ڈپٹی کمانڈر نے اس اجلاس میں شرکت کی۔

ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا کہ ہم حیاتیاتی دفاعی مشقوں میں فوج کی تمام تر صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کریں گے۔

واضح رہے کہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے جمعرات کو ملک کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری کے نام ایک فرمان صادر کرکے، کورونا وائرس کے خلاف مسلح افواج کی کارروائیوں اور خدمات کی قدردانی کی اور ساتھ ہی حکم دیا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف جاری مہم کو ایک کمان کے تحت لانے کے لئے، مسلح افواج کا معالجاتی ہیڈکوارٹر اور مرکز قائم کیا جائے۔

حکومت ایران نے ملک میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد اس وائرس کے خلاف ہمہ گیر موثر مہم کا آغاز کردیا تھا۔ ایران میں موجود صحت کی عالمی تنظیم ڈبلو ایچ او کی ٹیم کے ترجمان ریچرڈ برینن نے کورونا وائرس کے متعدد معالجاتی مراکز کے معائنے کے بعد سنیچر کی شام ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ ایران میں کورونا وائرس کے خلاف موثر مہم میں مختلف سرکاری اداروں اور عوام کے درمیان ہماہنگی سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایران میں ڈاکٹر، نرسیں اور طبی شعبے سے وابستہ دیگر سبھی افراد کورونا وائرس میں مبتلا افراد کے علاج اور اس وائرس کو کنٹرول کرنے کی مہم میں جی جان سے لگے ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button