صیہونی ریاست میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 100 سے زائد ہو گئی

شیعت نیوز: صیہونی ریاست میں کورونا وائرس کے مزید 3 متاثرین کی تشخیص کی گئی ہے جس کے بعد مجموعی طورپر اسرائیل میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 100سے تجاوز کر گئی ہے۔ دوسری طرف کورونا وائرس دنیا کے127 ممالک تک پہنچ گیا ہے۔
اسرائیلی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 101 ہوگئی ہے۔
دوسری طرف فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں تا حال کورونا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا جب کہ غرب اردن میں اب تک 31 کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا بھر میں 1لاکھ 30ہزار افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت نے کورونا وائرس کے پھیلتے خطرات کے پیش نظر فلسطینیوں کو غیرضروری طورپر بیرون ملک سفر کرنے بالخصوص کرونا سے متاثرہ ممالک کے سفر سے گریزکی ہدایت کی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ابراہیم ملحم نے کہا ہے کہ غرب اردن میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ ایام میں 224 فلسطینیوں کا طبی معائنہ کیا گیا ہے۔ یہ تمام افراد کورونا وائرس سے محفوظ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں کورونا متاثرین 11 خواتین اور 20 مرد ہیں۔
دریں اثنا عالمی ادارہ صحت نے فلسطینی حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کے بچاؤ کے لیے کیے گئے اقدامات کی تحسین کی ہے اور انہیں تسلی بخش قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطین میں عالمی ادارہ صحت کے دفتر کے ڈائریکٹر جیرالڈ رو کنسواب نے کہا ہےکہ فلسطینی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لئے موثر اور ٹھوس اقدامات اُٹھائے ہیں۔ حکومت اور وزارت صحت ایسے اقدامات کررہی ہے جو بین الاقوامی سطح پر تجویز کردہ سفارشات سے کہیں زیادہ ہیں۔
گذشتہ روز رام اللہ میں اپنے دفتر میں فلسطینی خاتون وزیر صحت می الکیلہ کے ساتھ ایک ملاقات میں عالمی ادارہ صحت کے عہدیدار نے کہا کہ فلسطین میں حکومت کی طرف سے انسداد کورونا کے لیے عالمی معیار سے بہتر کوششیں کی ہیں۔