ایران

ایران کا سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کا عمل جاری ہے گا۔ حسن روحانی

شیعت نیوز: ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ملک کی ترقی و پیشرفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران تمام تر دباؤ اور پابندیوں کے باوجود پوری قوت کے ساتھ ترقی کے راستے پر گامزن رہے گا۔

پیر کو تہران میں تینتیسویں خوارزمی انٹرنیشنل فیسٹول کی اختتام پر تقریب تقسیم اسناد سے خطاب میں صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ایران کی ترقی پوری قوم کے لیے سرمایہ افتخار ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی قوم امریکہ کے مقابلے میں آخری دم تک ڈٹی رہے گی۔ آیت اللہ خامنہ ای

صدر نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے لحاظ سے ایران آج جس مقام پر کھڑا ہے اس کا اسلامی انقلاب سے پہلے کے دور سے کوئی موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبا کی تعداد سے لیکر تحقیقاتی مراکز، سائنسی لیبارٹریاں، ٹیکنالوجی سینٹروں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے پارکوں تک کسی بھی چیزکا اکتالیس سال پہلے کے دور سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ایران نے سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں شاندار پیشرفت کی اور اعداد و شمار ہمارے اس دعوے کی سچائی کو ثابت کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دشمنوں کی سازشوں کے باوجود ایران اپنی ترقی کا راستہ جاری رکھے گا

انہوں نے ایران کی ترقی و پیشرفت کا راستہ روکنے کی غرض سے کی جانے والی مخاصمانہ کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان دشمن کے دباؤ کے مقابلے میں ایرانی قوم کی بے مثال استقامت اور قوت برداشت کے معترف ہیں اور اس کی تعریف کرتے ہیں۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ یورپی ملکوں کے سربراہوں کے لیے یہ بات حیرت انگیز ہے کہ ایرانی قوم ہرقسم کے دباؤ کا مقابلہ اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کی منزلیں طے کرتی جارہی ہے۔

حسن روحانی نے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کی سطح میں کمی اور معمول کی ایٹمی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہونے کے بعد ہماری ایٹمی تنصیبات کا معائنہ کرنے والے عالمی ماہرین، جدید ترین سینیٹری فیوج مشینوں کی تیاری کے حوالے سے ایران کی سرعت عمل کو دیکھ کر دنگ رہے گئے تھے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے خلائی شعبے میں ایران کی ترقی و پیشرفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میدان میں بھی ملک نے اہم قدم اٹھائے ہیں اور خلائی تحقیقات کا عمل بھی پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔

انہوں نے ایران اور دنیا کے تمام ملکوں کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی زور دیا۔

صدر حسن روحانی نے تینتیسویں خوارزمی انٹرنیشنل فیسٹیول کی جیوری کی جانب سے پندرہ منتخب سائنسی منصوبے پیش کرنے والے ماہرین کو انعامات بھی دیئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button