کراچی ، جبری لاپتہ سلیم حیدر بازیاب ، جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں گرفتاری ظاہر
انچارچ سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سلیم حیدرزیدی پر گیارہ سے زائد مقدمات ڈالے گئے ہیں

شیعت نیوز: سی ٹی ڈی نے کراچی سے لاپتہ شیعہ سلیم حیدر زیدی کی گرفتاری ظاہر کردی ، ایک ماہ سے جبری گمشدہ سلیم حیدر زیدی پر قتل ، اقدام قتل، بھتہ خوری کے جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگا کر گرفتاری ظاہر کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ یعنی جنوری 2020کے آغاز میں کراچی کے علاقے سفورہ سے جبری طور پر لاپتہ کیئے گئے سید سلیم حیدرزیدی ولد سید آغا حیدرزیدی کی گرفتاری ظاہر کردی گئی ہے ، انچارچ سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سلیم حیدرزیدی پر گیارہ سے زائد مقدمات ڈالے گئے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی ، جبری گمشدگیوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع، مزید 2 شیعہ جوان گھروں سے اغواء
سی ٹی ڈی کے مطابق سلیم حیدر کا نام ریڈ بک کے صفحہ 122میں شامل ہے ، سی ٹی ڈی نے سلیم حیدر سے دستی بم ،رسیدیں اور کیش رقم برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے ، سی ٹی ڈی کی جانب سے سلیم حیدر پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ لاہور میں بم دھماکے میں مولانا ضیا الرحمان فاروقی کے قتل اور ملتان میں کنونشن بلاسٹ میں بھی ملوث ہے۔
ذرائع کے مطابق سلیم حیدر کے اہل خانہ نے سی ٹی ڈی کی جانب سے ان پر لگائے گئے تمام الزامات کو بے بنیاد، جھوٹ اور من گھڑت قرار دیا ہے ، اہل خانہ کے مطابق سلیم حیدر کو گذشتہ ماہ رات کی تاریکی میں گھر کے دروازے توڑ کر اٹھا کر اغواءکیا گیا تھا جن کی گرفتاری اب ایک ماہ بعد جھوٹے مقدمات میں ظاہر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برقع پوش مولوی عبد العزیز نے حکومت کو یرغمال بنا رکھا ہے، پیر معصوم حسین
واضح رہے کہ ریاستی اداروں کی جانب سے شیعیان حیدرکرار ؑ کے خلاف ظلم وجبر کا نا رکنے والا سلسلہ تاحال جاری ہے، سلیم حیدر کے علاوہ بھی درجنوں شیعہ جوان، علمائے کرام اور مختلف شخصیات کئی کئی سالوں سے جبری گمشدگی کا شکارہیں جنہیں نا ہی رہا کیا جاتا ہے اور نا ہی انہیں عدالتوں میں پیش کیا جاتا ہے ۔
سلیم حیدرکے اہل خانہ نے وزیر اعظم پاکستان، آرمی چیف، چیف جسٹس اور اعلیٰ سول وعسکری حکا م سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے ، دوسری جانب مختلف شیعہ قائدین نے بھی سی ٹی ڈی کی جانب سے سلیم حیدر پر عائد جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے ۔