مشرق وسطی

شام کے شمال مشرقی علاقے میں ترک فوج کی فضائی حملوں میں 15 افراد جاں بحق

شیعت نیوز : شام کے شمال مشرقی علاقے میں ترک فوج کی فضائی کارروائی میں 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی شام میں ترکی نے فوجی فضائی حملے شروع کر دئیے۔

شامی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے خبردار کیا ہے شام کی حکومت اور عوام وطن کا دفاع کرنا اپنا حق سمجھتے ہیں اور ترکی کی جارحیت کا مقابلہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : روس کی شام میں قیام امن کے سلسلے میں ہمہ جانب کوشش پر تاکید

شام میں ترک فوج کے حملے پر عالمی سطح پر ردعمل سامنے آرہا ہے ۔ ایران نے پہلے ہی شام میں ترک فوج کی کارروائیوں کی مخالفت کا اعلان کردیا تھا ۔

اس حوالے سے برطانوی وزیر خارجہ ڈومنک راب نے ترک حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی یک طرفہ کارروائی ناقابل قبول ہے۔ شام میں ترکی کی یک طرفہ فوجی کارروائی پر شدید تشویش ہے۔

ڈومینک راب کا کہنا تھا کہ ترک فوجی اقدام سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہو گا اور انسانی مصائب میں اضافہ اور داعش کے خلاف پیشرفت کو نقصان پہنچانے کا خطرہ ہے۔

دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے آپریشن سینٹر میں کارروائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن شام کی جغرافیائی وحدت کا تحفظ کرے گا اور مقامی لوگ دہشت گردوں سے آزاد ہوں گے۔

روس نے بھی ترکی کو شام میں فوجی کارروائی کی بابت خبردار کیا ہے۔ روسی صدر کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ کردوں کے زیرکنٹرول علاقے کی جیلوں میں داعش کے عناصر کی رہائی کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button