اہم ترین خبریںپاکستان

جبری گمشدگیاں،ریاستی اداروں کے عدم تعاون پرنو محرم کی مجلس میں آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کروں گا، علامہ شہنشاہ نقوی

ہم تمام ریاستی اداروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر9محرم الحرام تک ہم سے رابطہ نا کیا گیا تو پھرمیں اس ممبر سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔

شیعت نیوز: معروف خطیب اہل بیت ؑ علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہاہے کہ اگر ریاستی اداروں نے شیعہ جبری گمشدگان کے حوالے ہم سے رابطہ نہ کیا تو 9 محرم کو انشاء اللہ نشتر پارک سے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔آٹھویں محرم الحرام کی مرکزی مجلس عزا سے نشترپارک میں خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جبری گمشدگیوں کا سلسلہ غیر آئینی وغیر قانونی ہے۔ ہم تمام ریاستی اداروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر9محرم الحرام تک ہم سے رابطہ نا کیا گیا تو پھرمیں اس ممبر سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: نظریہ توحید کا کربلا سے گہرا تعلق ہے، ہم حسینؑ ابن علیؑ کے ماننے والے ہیں،علامہ شہنشاہ نقوی

علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے جوائنٹ کمیٹی برائے شیعہ لاپتہ افرادکے ناموں کا اعلان کیاجس میں علامہ سید احمد اقبال رضوی، علامہ ڈاکٹر عقیل موسیٰ ،علامہ سید حیدر عباس عابدی ،علمدار نقوی ،حسن علی نقوی اورمحترمہ معصومہ ممتازشامل ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کب تک اس ملک میں لوگو ں کو غائب کیاجاتارہے گا؟ کب تک انسانی حقوق پامال کیئے جاتے رہیں گے۔یہاںجو خواتین، مائیں بہنیں ، بیٹیاں بیٹھی ہوئی ہیں یہ سیدانیاں ہیں ۔

انہوںنےریاستی اداروں اور سکیورٹی فورسز کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کیا آپ کے آئین میں لکھا ہواہے کہ کسی کو اٹھا لو تو اسے اس کی ماں ، بہن اور بیوی سے ملنے نا دو۔اگر یہ اقدام آئینی ہے تو ہمیں بتایا جائے تاکہ اس اقدام کے خلاف ہم بھی کوئی آئینی وقانونی راستہ اختیارکریں ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button