اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

استقبال محرم الحرام کی مناسبت سے محکمہ اوقاف کی جانب سے سرگودھا میں اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا انعقاد

رکن علماء بورڈ مولانا ارشد عابدی نے کہا کہ قوموں کا انتشار قدرتی آفات کے ساتھ ساتھ زمینی فسادات کاسبب بنتا ہے

شیعت نیوز: محرم الحرام میں اتحاد و یکجہتی کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے محکمہ اوقاف پنجاب کے زیراہتمام سرکٹ ہاوس سرگودہا میں اتحاد بین المسلمین کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں ریجنل پولیس آفیسر افضال احمد کوثر، کمشنر سرگودہا ظفر اقبال شیخ، پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی علی اصغر خان لہڑی، ایم پی اے ساجدہ آہیر، مولانا ارشد عابدی،علماء بورڈ کے قائد غلام مصطفی ثاقب، ڈپٹی کمشنر سرگودہا آسیہ گل، ڈؤیژن بھر کی امن کمیٹیوں کے اراکین، علماء، مفکرین، اکابرین اور انتظامی و سیکورٹی اداروں کے افسران موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام سرکٹ ہاؤس سرگودہا میں اتحاد بین المسلمین کنونشن کے شرکاء نے اپنے خطابات میں کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، یہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کے جان و مال کی حفاظت کی ضمانت دیتاہے۔

انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ نے شہادت قبول کی لیکن ملت کی وحدت پر حرف نہ آنے دیا، ان کی شہادت نے اسلام کو بقاء و دوام بخشا، اس وقت نظریہ حسینؑ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، ہمارا دشمن بھارت ہمیں داخلی و خارجی لحاظ سے کمزور کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان ایک بہت بڑی نعمت ہے، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہندوؤں کے رویوں میں ثابت کر دیا ہے کہ گاؤ ماتا کا پجاری بلاامتیاز مسلک و فرقہ مسلمانوں کا خون ناحق بہا رہاہے، کشمیر میں اس کا شب خون زندہ مثال ہے، ہمیں اپنی صفوں میں تحریک پاکستان جیسی وحدت اور اتفاق واتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ہمارے دشمن پر یہ ثابت ہو سکے کہ ہمارے اتحاد کی قطار سے ایک سوئی بھی نہیں گزر سکتی۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے قائد علماء بورڈ غلام مصطفی ثاقب نے کہا کہ اس وقت ہماری سرحدیں حالت جنگ میں ہیں، دشمن ہمارے امن عامہ کو منتشر کرنے کے درپے ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم کو مل کر اس کی ریشہ دوانیوں اور سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے، افواج پاکستان ہر محاذ پر بھارت کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے، پوری قوم عسکری قیادت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اپنے خون کا آخری قطرہ تک دینے کو تیار ہے، علماء و اکابرین اپنے اندر اتحاد اور اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں، تاکہ ملک کا امن مستحکم اور مضبوط رہے۔

یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام میں امن و محبت کے فروغ کیلئے کام کیا جائے، علامہ شہنشاہ نقوی

رکن علماء بورڈ مولانا ارشد عابدی نے کہا کہ قوموں کا انتشار قدرتی آفات کے ساتھ ساتھ زمینی فسادات کاسبب بنتا ہے، امام حسینؑ کا درس امن تھا اور اہل بیتؑ نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر امت محمدیہ کو شکستگی سے بچالیا، ہمیں امام حسینؑ کی تعلیمات اور نظریات پر عمل کرتے ہوئے آپس میں اتحاد، ہم آہنگی اور صبر و برداشت کو فروغ دینا چاہیے۔ مولانا ضیاء الرحمان فاروقی نے کہاکہ امام حسینؑ سب کے ہیں وہ نواسہ رسولؑ اور علیؑ و فاطمہؑ کے دل کا چین ہیں، ان کی شہادت کا مقصد قوم کی بقاء تھا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامیں اور تفرقے سے باز رہیں، دشمن کی گولی مسلک کو نہیں دیکھتی انہیں صرف مسلمان کی تلاش ہے، آج ملک کی بقاء کیلئے تحریک پاکستان جیسے جذبے کی ضرورت ہے، پاکستان بہت بڑی نعمت ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سکندر رضا نقوی، پروفیسر محمد خالد، مولانا عبدالخالق، ریاست علی فیروزی، عبداللہ سعید ہاشمی اور دیگر مقررین نے کہا کہ محرم الحرام سب مسالک کیلئے یکساں محترم ومکرم ہے، علماء داخلی وخارجی حالات سے بخوبی آگاہ ہیں، ان کی صفوں میں مکمل اتحاد، ہم آہنگی اور اتفاق و یگانگت پائی جاتی ہے، ڈویژن بھر میں نقص امن کا کوئی خطرہ نہیں، صرف خارجی سازشیوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے، علماء اور اکابرین کا تعاون سیکورٹی اداروں اور انتظامیہ کے ساتھ انتہائی قریبی ہے اور محرم الحرام کے دوران امن کمیٹیاں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گی۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر سرگودہا آسیہ گل نے خطبہ استقبالیہ میں مہمانوں کو یقین دلایا کہ سرگودہا ڈویژن انتہائی پرامن علاقہ ہے، یہاں تمام مسالک کے درمیان مکمل ہم آھنگی اور محبت و پیار پایا جاتاہے، تمام مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی کو فول پر وف بنا لیاگیا ہے، ضلعی و تحصیل سطح پر امن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام میں نقص امن کو روکنے کیلئے تمام وسائل بروکار لائے جائیں گے۔ صدارتی خطبہ میں کمشنر سرگودہا ڈویژن ظفر اقبال شیخ نے کہا کہ بھارت دو قوموں کی نظریہ کی نفی تو کرتا ہے، لیکن مسلمانوں کو جینے کا حق تک نہیں دے رہا، اس کا حالیہ سیکولر چہرہ بے نقاب ہو چکاہے، وہ بھارت میں مسلمانوں کو بلاتفریق مسلک ذبح کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کو ایک بار پھر زندگی اور دوام کیلئے کربلا جیسی شہادتوں اور تحریک پاکستان جیسے جذبوں کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، امن، بھائی چارے، ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کیلئے دعا کی گئی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button