مقبوضہ فلسطین

اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی غزہ پر راکٹ حملے کے جواب میں بمباری

شیعت نیوز: اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ پٹی میں ایک ہدف کو نشانہ بنایا۔ یہ کارروائی غزہ پٹی سے راکٹ داغنے کے بعد سامنے آئی۔ اسرائیل میں نصب آئرن ڈوم میزائل شکن دفاعی نظام نے اس راکٹ کو فضا ہی میں تباہ کر دیا تھا۔

اسرائیلی پولیس کے مطابق جمعرات کی شام اسرائیلی سرحدی قصبے سدیروت پر دوسرا راکٹ داغا گیا۔ اس کے نتیجے میں ایک گھر کو نقصان پہنچا، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس سے قبل بدھ کے روز اسرائیل نے غزہ پٹی کے ساحل کو فلسطینی ماہی گیروں کے لیے بند کر دیا تھا۔ اسرائیل کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سرحد پار آتش گیر غبارے چھوڑے جانے کا ردعمل ہے۔

قابض اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ لڑاکا طیاروں نے غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ایک کمپاؤنڈ میں ’’زیر زمین انفرا اسٹرکچر‘‘ کو نشانہ بنایا۔ کارروائی میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

فلسطینی سیکورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے غزہ شہر کے مشرقی علاقے الزیتون میں کھلے میدان میں بم گرائے۔ اس کے علاوہ غزہ پٹی کے جنوب میں رفح اور خان یونس کے مشرق میں دو زرعی فارمز پر میزائل داغے۔ کارروائی میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب اسرائیل کی سلامتی سے متعلق کچن کابینہ کے رکن یوئاف گیلنٹ نے ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ غزہ پٹی میں ایک اور سیکورٹی آپریشن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے وقت کا حتمی تعین ابھی نہیں کیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button