پاکستان بھرمیں عید الفطر مذہبی جوش وجذبے سےمنائی گئی،ملکی سلامتی کیلئے دعائیں
شیعت نیوز:ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں عیدالفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں عید الفطر کے موقع پر شہر کی بڑی مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ رینجرز کے اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیں گے، اہم عیدگاہوں پر نمازیوں کو واک تھرو گیٹ سے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔
اس کے علاوہ عیدالفطر کے موقع پر شہر کے اہم عوامی مقامات، تفریحی گاہوں اور پارکوں کے باہر بھی پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔ کراچی کے علاوہ حیدرآباد،سکھر اور سندھ کےدیگر شہروں میں بھی عید کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔
یہ خبربھی لازمی پڑھیں :شیعیت نیوز کی جانب سے عید الفطر مبارک ہو، ملکی سلامتی کے لئے دعا گو
فقہ جعفریہ کی جانب سے نمازعید الفطر کے بڑے اجتماعات مرکزی عید گاہ جوٹیال گلگت ، جامع مسجد امامیہ سکردو اور مرکزی عید گاہ پاراچنار میں منعقد ہوئے۔ اجتماعات میں ملکی سلامی واستحکام ،مظلومین جہاں کی کامیابی وکامرانی اورامریکہ ، اسرائیل اور ان کی حواری استکباری قوتوں کی نابودی کے کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نماز عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا، عیدالفطر کے موقع پر لاہور سمیت دیگر اہم شہروں میں عیدگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی وہیں عوامی مقامات پر بھی قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اہلکاروں نے اپنے فرائض انجام دیئے
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں منعقدا جب کہ اس موقع پردارالحکومت میں سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ عیدالفطر کے موقع پر کوئٹہ اور پشاور میں بھی سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں پولیس،رینجرز اور ایف سی کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ حساس اور اہم مقامات پر سادہ لباس اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں اس کے علاوہ آزاد کشمیر سمیت گلگت وبلتستان کے بھی چھوٹے بڑے شہروں میں عید کے اجتماعات ہوئے ۔
یہ خبربھی لازمی پڑھیں :عیدالفطر مسلمانان عالم کے مابین اخوت اور محبت کا بے مثال دن ہے،علامہ راجہ ناصرعباس
عید سعید الفطر کے پرمسرت کے موقع پر شیعہ قائدین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، علامہ ساجد علی نقوی ، علامہ حامد علی شاہ موسوی اور علامہ جواد نقوی نے اپنے تہنیتی پیغامات میں امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کی اور خانوادہ شہداءواسیران، غرباءومساکین اور ایتام کو عید کی خوشیوں میں لازمی شامل کرنے پر تاکید کی ۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم باہمی ہمدردی، رواداری، احترام اور خیر خواہی کے ساتھ رہیں گے جب کہ محدود علاقائی، ذاتی اور نسلی تعصبات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلیے کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کا دن اپنے اندر ایثار، ہمدردی، تقویٰ و پرہیز گاری، خدمت خلق اور احترام انسانیت کا پیغام سموئے ہوئے ہے۔
یہ خبربھی لازمی پڑھیں :عید کے دن اپنی ذاتی اور معاشرتی اصلاح کا فریضہ انجام دے کر دنیا کو حسین جنت بناسکتے ہیں،علامہ ساجد علی نقوی
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطر کا مقصد مسلمانو ں میں اتحاد، اخوت، بھائی چارہ، ایثار اور سخاوت جیسے جذبات کو فروغ دینا ہے، عید کی حقیقی خوشی ضرورت مند عزیز و اقارب اور بہن بھائیوں کو شریک کرکے ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ایک حقیقی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتی رہے گی، اﷲ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی و خوشحالی کا ایسا مثالی گہوارہ بنائے جس کو دیکھنے کے لیے ہم سب کی نگاہیں منتظر ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اہل وطن کو عید الفطر کی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کی دعا کے ساتھ عید مبارک ہو۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت پاک فضائیہ اوربحریہ کے سربراہان نے بھی قوم کو عید کی مبارک باد پیش کی ہے۔







