ایران پر حملے کی صورت میں عالم اسلام متحد ہوکر امریکہ کامقابلہ کرے گا،قائد اہل سنت پیر معصوم نقوی
شیعت نیوز: جمعیت علمائے پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر محمد معصوم حسین نقوی نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ مسلمان ممالک کا باہمی انتشار اتحاد امت کی کمزوری اور اور کفار کے تقویت کا باعث بن رہا ہے۔ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تصادم عالم اسلام کیلئے انتشار اور فرقہ واریت کا باعث ہوگا۔ مسلم عوام کی خواہش ہے کہ امریکہ کی تقسیم، انتشار اور تصادم کی پالیسی کو ناکام بنانے کیلئے دونوں اسلامی ممالک باہمی تنازعات سفارتی سطح پر حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ امریکہ سے مدد لینے کی بجائے ایران کیساتھ صلح اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔ عالمی خونخوار بھیڑیا امریکہ مسلمانوں کی شیعہ سنی کی بنیاد پر تقسیم کو ہوا دے کر اپنا اسلحہ بیچنا اور اسرائیل کو تحفظ فراہم کرانا چاہتا ہے، تاکہ فلسطین پر ناجائز ریاستی تسلط قائم رکھا جا سکے۔ امت مسلمہ کیلئے باعث شرمندگی ہے کہ سب مسلمان مل کر بھی فلسطین کو آزاد نہیں کروا سکے اور باہمی تنازعات میں پھنستے جا رہے ہیں۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں پیر معصوم نقوی نے کہا کہ پاکستان کو بھی صرف سعودی عرب کی طرف جھکاو رکھنے کی بجائے، دونوں کے درمیان صلح کیلئے کوشش کرنی چاہیے۔ وزیراعظم واضح اعلان کریں کہ ایران پر امریکی حملے کی صورت میں عالم اسلام متحد ہوکر مقابلہ کرے گا۔ پاکستان کو غیر جانبدار رہنے کے نام پر سعودی عرب کی طرف جھکاو رکھنے کی بجائے، ہمیں دونوں ممالک کے درمیان صلح کروانی چاہیے اور جارحیت کرنیوالے کی مذمت کرنی چاہیے۔ خاص طور پر مظلوم یمنی خواتین اور بچوں پر ہونیوالے سعودی اتحادی حملوں پر عالم اسلام اور انسانی حقوق تنظیموں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا واضح جھکاو سعودی عرب کی طرف ہے، اسے ختم کرکے متوازن خارجہ پالیسی تشکیل دینی چاہیے تاکہ کوئی مسلمان ملک تنہائی محسوس نہ کرے۔ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، جس کیساتھ ہمارے دیرینہ ثقافتی تجارتی تعلیمی اور مذہبی رشتے ہیں جبکہ سعودی عرب سے ہماری عقیدت آل سعود کی بادشاہت نہیں، ایمانی مراکز مکہ و مدینہ کی وجہ سے ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سعودی عرب کو اپنی پالیسی کو دوسرے ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کی بنیاد پر بنا کر امریکہ پر انحصار ختم کرنا چاہیے۔







