اسرائیل نے غزہ اور مغربی کنارے کو ایک ہفتے کے لیے بند کر دیا
یروشلم (مانیٹرنگ ڈیسک)قابض اسرائیلی فوج نے جاری ایک بیان میں کہا کہ عید فصح کی چھٹی کے موقع پر یہودیوں کے جشن کی تقریبات کی حفاظت کی غرض سے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارہ 19 اپریل سے ایک ہفتے کے لیے بند رہے گی۔
تمام راہ داریاں اور چوکیاں فلسطینیوں کے لیے جمعہ کے روز آدھی رات سے 27 اپریل تک بند رہیں گیں اور صرف انسانی، طبی اور غیر معمولی حادثے کی صورت میں چند لوگوں کومقبوضہ علاقوں میں فوج کی جانب سے حکومتی سرگرمیوں کے کوآرڈینیٹر کی جانب سے اجازت لینے کے بعد اسرائیل کے زیر کنٹرول داخلی راستوں سے سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
اسرائیلی فوج اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے مغربی کنارے اور یروشلم میں مختلف علاقوں اور جگہوں کے داخلی دروازوں پر عارضی چوکیاں قائم کر کے اور سڑکوں کو بلاک کر کے فلسطینیوں کی نقل وحرکت پر سخت پابندی عائد کر دی ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ اور مغربی کنارے پر فلسطینی نکبہ کو منانے کے لیے اسی مہینے میں 7 سے 9 مئی تک ایک مرتبہ اور بند کردیا جائے گی ۔