پاکستان

دہشتگرد امریکہ ہے، پاسداران انقلاب اسلامی نہیں، صدر شیعہ علماءکونسل پنجاب علامہ سبطین سبزواری

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے امریکہ کی طرف سے اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج پاسداران انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دوسرے ممالک میں مداخلت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ یہ ایک ملک دوسرے ملک کی فوج کو دہشت گرد قرار دے۔ امریکہ خود دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔ کون سا ملک ہے جہاں اس نے مداخلت نہیں کی۔ امریکہ بدمست ہاتھی بن چکا ہے اور دنیا کا تھانےدار بننے کیلئے غیر اخلاقی اقدامات اٹھاتا رہتا ہے۔ پوری دنیا میں دہشتگردی پھیلانے والا خود امریکہ ہے جس نے افغانستان، لیبیا، شام، عراق اور یمن میں مداخلت کی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ عالمی امن خراب کرنیوالا اور دنیا میں برائیوں کی جڑ ہے، جس نے اسرائیل کا سفارتخانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کروایا اور فلسطین کا حصہ گولان کی پہاڑیوں کو غیر قانونی طور پر اسرائیل کا حصہ قرار دیا، یہ وہ دہشتگردی ہے جو اسلام کے ماننے والے کسی صورت قبول نہیں کریںگے۔ شیعہ علماء کونسل کے رہنما نے امریکہ کے عرب اتحادیوں سے پالیسی پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ایرانی فوج پر پابندی کے بعد وہ کہاں کھڑے ہیں؟ کیا وہ دہشت گرد امریکہ کا ساتھ دیں گے یا ایک مظلوم ملک ایران کیساتھ ہیں جہاں قرآن و سنت کا قانون نافذ ہے۔

علامہ سبطین سبزواری نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایرانی قوم اس وقت سیلاب کی مشکلات سے دوچار ہے اور نیم پاگل شخص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ محض اسرائیلی الیکشن میں نیتن یاہو کو فائدہ پہنچانے کیلئے ایران پر دباؤ ڈال رہا ہے، لیکن تاریخ گواہ اور دنیا جانتی ہے کہ ایران ڈرنے والا نہیں، کیونکہ اللہ کی وحدانیت پر ایمان رکھنے والا محمد عربی کا غلام اور علی المرتضٰی کا عاشق امریکی دھمکیوں سے مرعوب ہونیوالا نہیں ہے، امریکہ کو بھی پتہ ہے کہ ایران سے پنگا لے کر پہلے بھی کئی بار وہ دم دبا کر بھاگا ہے خود امریکہ کو یہ شرم آنی چاہیئے کہ وہ کن حالات میں ایران کیخلاف پابندیاں عائد کر رہا ہے جب سیلاب متاثرین کیلئے ضروری مشینری خریدنے میں بھی مسائل کا سامنا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button